Friday, March 29, 2024

سانحہ صفورا گوٹھ میں ”را“ کے ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے، بھارتی دہشت گردانہ کارروائیوں کو عالمی فورمزپر اٹھانے کا فیصلہ

سانحہ صفورا گوٹھ میں ”را“ کے ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے، بھارتی دہشت گردانہ کارروائیوں کو عالمی فورمزپر اٹھانے کا فیصلہ
May 15, 2015
لاہور (92نیوز) سانحہ صفورا گوٹھ میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے ملوث ہونے کے ثبوت مل گئے، حملہ آوروں کو افغانستان سے فون پر ہدایات مل رہی تھیں، حساس اداروں نے فون کالز کا ڈیٹا حاصل کر لیا، عالمی سطح پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا معاملہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ معتبر ذرائع کے مطابق تحقیقاتی اداروں نے سانحہ صفورا کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ”را“ نے بس حملے کیلئے اپنے انتہائی ماہر ٹارگٹ کلرز کو استعمال کیا۔ ان ٹارگٹ کلرز کو افغانستان سے فون پر ہدایات مل رہی تھیں جہاں بھارت نے قونصل خانوں کی آڑ میں ”را“ کا مضبوط نیٹ ورک قائم کر رکھا ہے۔ اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ”را“ نے اپنی ایجنٹ کن کن تنظیموں کو استعمال کیا۔ تحقیقاتی اداروں نے تین فون کالز ٹریس کر لیں۔ فون کالز ٹریس کرنے کے بعد دو اہم گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں لیکن شناخت ابھی ظاہر نہیں کی جا رہی۔ ذرائع کے مطابق کراچی آپریشن کی نگرانی کورکمانڈر کراچی خود کریں گے اور آرمی چیف کو صورتحال سے آگاہ رکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق ”را“ کراچی، بلوچستان اور گلگت جیسے حساس علاقوں میں مزید وارداتیں کر سکتی ہے۔ بھارتی ایجنسی کے سانحہ صفورا میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ملنے کے بعد حکومت نے سیکرٹری خارجہ کو ہدایت کی کہ وہ بھارت کے ساتھ اس معاملے کو نہ صرف براہ راست اٹھائیں بلکہ عالمی فورمز پر بھی شواہد پیش کریں۔ سفارتی سطح پر جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے بھارت کی دہشت گرد کارروائیوں کو بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔