Friday, April 26, 2024

سانحہ صفورا کے ملزم طاہر سے تفتیش میں پیشرفت، ملزم کا بھائی شاہد رائو انوار پر حملے کے دوران مارا گیا تھا، رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو بھیج دی گئی

سانحہ صفورا کے ملزم طاہر سے تفتیش میں پیشرفت، ملزم کا بھائی شاہد رائو انوار پر حملے کے دوران مارا گیا تھا، رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو بھیج دی گئی
May 21, 2015
کراچی (نائنٹی ٹو نیوز) سانحہ صفورا اور ہائی پروفائل کلنگز کے الزام میں گرفتار ملزم طاہر سے تفتیش میں پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیشی رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو بھیج دی گئی۔ تفتیشی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ صفورا میں بس کے اندر فائرنگ سعد عزیز اور طاہر نے کی جبکہ ملزم طاہر نے تیس افراد کے سروں پر گولیاں ماریں جبکہ بتایا گیا کہ ملزم طاہر کا بھائی شاہد رائو انوار پر حملے کے دوران مارا گیا تھا۔ ملزم طاہر عرف سائیں ناتھ ناظم آباد بلاک ایم کا رہائشی ہے جبکہ ملزم کا آبائی شہر جہلم ہے۔ تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان نے فرار ہونے کے لیے دو گاڑیاں استعمال کیں۔ واردات کے بعد ایک ٹیم ٹول پلازہ اور ایک سپر ہائی وے کی جانب فرار ہوئی جبکہ ملزم سے تفتیش کے بعد رپورٹ وفاقی وزیر داخلہ کو بھیج دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نجی انجینئرنگ یونیورسٹی سے ملزم اظہر عشرت کا تعلیمی ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔ ملزم اظہر نے سن دو ہزار میں انجینئرنگ یونیورسٹی میں داخلہ لیا تھا جبکہ دو ہزار تین میں اسکالر شپ کے لیے اپلائی بھی کیا تھا۔ ملزم اظہر عشرت کا بھائی اطہر عشرت عرف سائیں بھی انجینئرنگ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہے جبکہ ملزم نے نیشنل کیڈٹ کور کی تربیت بھی مکمل کر رکھی تھی۔