Saturday, April 20, 2024

سانحہ صفورا کی ابتدائی تحقیقات مکمل، پولیس کی وردیوں میں ملبوس6دہشت گردوں نے بس کا پیچھا کیا، 2موقع واردات پر گھات لگائے بیٹھے تھے

سانحہ صفورا کی ابتدائی تحقیقات مکمل، پولیس کی وردیوں میں ملبوس6دہشت گردوں نے بس کا پیچھا کیا، 2موقع واردات پر گھات لگائے بیٹھے تھے
May 14, 2015
کراچی (92نیوز) سانحہ صفورا کی تحقیقات میں پیشرفت، جائے واردات کے نقشے تیار، حملہ آوروں کی تعداد 8 تھی، 3 حملہ آوروں نے بس میں 5منٹ تک فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے مشترکہ طور پر سانحہ صفورا کی ابتدائی تحقیقات مکمل کر لی ہیں جبکہ جائے واردات کا نقشہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز کو حاصل ہونے والے نقشوں کے مطابق دہشت گردی کا نشانہ بننے والی بس نے الاظہر گارڈن سے جائے واردات تک 2 اعشاریہ 1 کلومیٹر کا سفر طے کیا، ایک اعشاریہ 6 کلومیٹر کا سفر طے کرنے کے بعد حملہ آوروں نے بس کو روکا۔ اس دوران دو حملہ آور جائے واردات پر گھات لگائے ہوئے تھے۔ 3 موٹرسائیکلوں پر 6 حملہ آوروں نے بس کا پیچھا کیا۔ تحقیقات کے مطابق 3 حملہ آور بس میں سوار ہوئے اور مسافروں کو ایک ایک کر کے نشانہ بنانا شروع کیا۔ اس دوران ایک دہشت گرد بس کے دروازے پر موجود رہا جبکہ ایک نے مسافروں کو یرغمال بنائے رکھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق حملہ آور 5منٹ تک بس میں موجود رہے جبکہ فائرنگ کے دوران بس نے 500 میٹرز کا سفر طے کیا۔ تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے بس کے اندر باری باری فائرنگ کی جبکہ اس ہولناک واردات میں ایک ایس ایم جی رائفل اور 3 نائن ایم ایم پستولوں سے گولیاں چلائی گئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ بس کو روکنے والے دہشت گردوں نے پولیس اور نجی سکیورٹی کمپنی کا یونیفارم پہن رکھا تھا جبکہ بس کو گھیر کر رکھنے والے دہشت گرد شلوار قمیض پہنے ہوئے تھے۔