Friday, April 19, 2024

سانحہ سیہون کے کئی لوگ ابھی تک لاپتہ  ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

سانحہ سیہون کے کئی لوگ ابھی تک لاپتہ  ہیں: وزیراعلیٰ سندھ
March 6, 2017

کراچی (92نیوز) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ سانحہ سیہون کے کئی لوگ ابھی تک لاپتہ  ہیں، دہشت گرد دوسرے صوبوں سے ہو کر سندھ میں آتے ہیں۔ انہوں نے کہا وزیرداخلہ چوہدری نثار ایک یا دو بار سندھ میں آئے وہ پھر بھی ہم پر تنقید کرتے ہیں۔ جو ان کا کام ہے وہ ہوتا نہیں۔

سندھ اسمبلی میں سانحہ سیہون پر پالیسی بیان میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا اگر وزارت پانی و بجلی انہیں سکیورٹی پر لیکچر دے تو برا لگے گا۔ خودکش بمبار کا تعلق سندھ سے نہیں تھا، مذہبی دہشت گرد دیگر صوبوں سے آتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مزار کے کچھ کیمرے ناکارہ ہیں تاہم خودکش بمبار کی شناخت کیمروں سے حاصل ویڈیو سے ہی کی گئی۔ دھمال کی جگہ پر لوڈشیڈنگ کی گئی، ادائیگی کے باوجود درگاہ کی بجلی منقطع تھی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ سیہون اسپتال میں تمام سہولیات موجود ہیں تاہم بڑی سرجری نہیں ہوسکتی، حکومت جو کرسکتی تھی وہ کیا۔ اس وقت کراچی دہشت گردوں کے نشانے پر ہے۔