Friday, April 19, 2024

سانحہ سیالکوٹ، پاکستان سری لنکا تعلقات پر کاری ضرب

سانحہ سیالکوٹ، پاکستان سری لنکا تعلقات پر کاری ضرب
December 4, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) سیالکوٹ کی گارمنٹس فیکٹری میں مشتعل ملازمین نے اپنے مینجرکوہی قتل نہیں کیا، پاکستان کے ہمدرد دوست ملک سری لنکا کے ساتھ گہرے تعلقات پر بھی کاری ضرب لگائی ہے، سری لنکا نے مشکل کی کئی گھڑیوں میں پاکستان سے دوستی کا حق ادا کیا۔

سیالکوٹ کی فیکٹری میں غصے سے پاگل ہجوم نے محض ایک شخص کو قتل نہیں کیا، پاکستان سے محبت رکھنے والے سری لنکا پر بھی گہرا وار کیا، وہی سری لنکا جو ہر مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کرکھڑا رہا۔

تاریخ گواہ ہے کہ پاکستانی شہری جب بھی سری لنکا گئے تو مقامی لوگوں نے نہ صرف پاکستان کی محبت کا دم بھرا بلکہ پاکستانیوں کو سرآنکھوں پر بٹھایا، یہ محبت پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کو کبھی ایک آنکھ نہ بھائی۔

2011 میں جب پہلی بار ڈینگی کی وباء نے پاکستانیوں کو لپیٹ میں لیا تو یہ سری لنکا کے ڈاکٹرز اور ماہرین صحت ہی تھے جو پاکستان کی مدد کو آئے، پاکستانیوں کی محبت سے لبریز ان سری لنکن ماہرین نے ڈینگی کے خاتمے کے لیے گلی گلی کی خاک چھانی، یہی نہیں پاکستانی محکمہ صحت کو اس آفت سے نمٹنے کے لیے تربیت بھی دی۔

دہشت گردی نے پاکستان کے کھیلوں کے میدان ویران کردئیے اورجب کوئی غیرملکی ٹیم پاکستان کا رخ کرنے کا نام نہ لیتی تھی، ان حالات میں سری لنکن کرکٹ ٹیم نے ہی یہ جمود توڑا اور پاکستان کا دورہ کرکے یہاں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہ ہموار کی۔

سری لنکا کےعوام انسانیت سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، زیادہ سری لنکن اپنی آنکھیں عطیہ کرنے کی وصیت کرجاتے ہیں، سری لنکا سے ملنے والے آنکھوں کے یہ عطیات کئی پاکستانیوں کی زندگی میں روشنی لے کر آتے ہیں، محبت کا یہ سلسلہ سال ہاسال سے جاری ہے۔

پاکستان بھی سری لنکا کی مشکلات ختم کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہا، دنیا شاہد ہے کہ سری لنکا جب خانہ جنگی کی آگ میں جل رہا تھا اور اسے بھارت ہوا دے رہا تھا تو پاکستان نے ہی اس خانہ جنگی کے خاتمے میں سری لنکا کی بھرپور مدد کی تھی۔

سری لنکا کے لوگ پاکستان سے محبت کرتے ہیں، سیالکوٹ میں پریانتھا کمارا کے بیہمانہ قتل نے سری لنکن عوام کے دل توڑ دئیے ہیں۔ اپنے عشاق سے ایسے بھی کوئی کرتا ہے۔