Friday, March 29, 2024

ہجوم اور افراد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ

ہجوم اور افراد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ
December 6, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) ہجوم اور افراد کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سری لنکن شہری کے ظالمانہ قتل میں ملوث افراد کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت امن و امان کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیر داخلہ شیخ رشید احمد،وزیر اعلی پنجاب  عثمان بزدار ، وزیراطلاعات فواد چوہدری ،مشیر قومی سلامتی سمیت اعلی  سول عسکری حکام نے شرکت کی ۔

 اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے شرکا نے اتفاق کیا کہ افراد اور ہجوم کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ سیالکوٹ سانحہ جیسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ سیاسی وعسکری قیادت نے فیصلہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ایک جامع حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ تمام مجرموں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ واقعے سے پاکستان کا تشخص مجروح ہوا، ۔ واقعے میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم نے ملزمان کیخلاف پراسیکیوشن سخت کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں آنجہانی سری لنکن شہری کی موت پر افسوس اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شرکا نے سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کی بہادری اور جرات کی تعریف  بھی کی گئی۔