Monday, May 13, 2024

سانحہ ساہیوال ، گاڑی سے خودکش جیکٹ ملنے کی کہانی من گھڑت قرار دی گئی

سانحہ ساہیوال ، گاڑی سے خودکش جیکٹ ملنے کی کہانی من گھڑت قرار دی گئی
January 30, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ ساہیوال میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی  برائےانسانی حقوق نے گاڑی سے خودکش جیکٹ ملنے کی کہانی من گھڑت قرار دے دی۔ سینیٹ کی قائمہ برائے انسانی حقوق میں بھی سانحہ ساہیوال کی گونج سنائی دی ۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نے بریفنگ دی جس پر کمیٹی نے عدم اطمینان کا اظہار کر دیا اور جے آئی ٹی کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کر دیا۔ کمیٹی ارکان نے گاڑی میں خود کش جیکٹ موجود ہونے پر سوال اٹھا دیئے  اور کہا دعویٰ اگر درست ہوتا تو گولیاں چار فٹ کے فاصلے پر نہ چلائی جاتیں۔ اہلکار گاڑی سے کم از کم 50 فٹ دور رہ کر کارروائی کرتے ۔ ڈگی سے بیگ بھی بغیر چیکنگ کے نکالا گیا۔ عثمان کاکڑ بولے کراچی کے راؤ انوار کو نشان عبرت بنایا گیا ہوتا تو سانحہ ساہیوال کبھی پیش نہ آتا۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے چائلڈ میرج روکنے کیلئے عمر کی حد 16 سے بڑھا کر 18 سال کرنے کا ترمیمی بل پیش کردیا ۔ حکومتی رکن شیریں مزاری نے تائید کی ۔ سینیٹر مظفر حسین شاہ نے اسلامی نظریاتی کونسل سے مشاورت پر زور دیا تو بیرسٹر سیف بولے ہر معاملے میں کونسل کو نہیں گھسیٹنا نہیں چاہیئے ۔ نہ ہی قانون سازی کیلئے کونسل کی رائے لازمی ہے ۔ کمیٹی نے بل منظور کرتے ہوئے کابینہ کی منظوری کیلئے بھجوا دیا۔