Friday, April 26, 2024

سانحہ ساہیوال کے تمام ملزم بری کر دیے گئے

سانحہ ساہیوال کے تمام ملزم بری کر دیے گئے
October 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ ساہیوال کے تمام ملزم بری کر دیے ، ملزمان کو  شک کا فائدہ دے کر بری کیا۔ سانحہ ساہیوال کے مقتول ذیشان کے بھائی احتشام سمیت مجموعی طور پر 49 گواہوں کے بیانات قلمبند کئے گئے تھے ، مقتول خلیل کے بچے عمیر ، منیبہ اور بھائی جلیل سمیت دیگر گواہان نے اپنے بیانات قلمبند کرائے تھے ۔ عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے تمام  ملزموں کو بری کر دیا۔ سی ٹی ڈی کے اہلکاروں نے 19 جنوری کو ساہیوال کے قریب مبینہ مقابلے میں  گاڑی پر فائرنگ  کی ،جس میں دوخواتین  سمیت چارافراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ مرنے والے 4 افراد کی  پوسٹمارٹم رپورٹ  کے مطابق مرنے والوں کو ایک سے 10 فٹ کے فاصلے سے گولیاں ماری گئیں ،  خلیل کے جسم میں 13 گولیاں لگیں ،سر پر لگنے والی گولی سے موت واقع ہوئی۔ خلیل کی اہلیہ نبیلہ کے سرپر لگنے والی چار گولیاں موت کا سبب بنیں ، خلیل اور نبیلہ کی بیٹی 13 سالہ اریبہ کے سینے میں چھ گولیاں لگیں ، دل میں لگنے والی گولی موت کا باعث بنی جبکہ کار ڈرائیور ذیشان کے جسم کے مختلف حصوں میں 13 گولیاں لگیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔