Thursday, April 25, 2024

سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم کا متاثرہ فیملی کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل کا حکم

سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم کا متاثرہ فیملی کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل کا حکم
April 10, 2019

لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال پر وزیراعظم عمران خان کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ وزیراعظم نے متاثرہ فیملی کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن تشکیل کا حکم دے دیا۔

 وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں سانحہ ساہیوال میں  جاں بحق خلیل کے خاندان سے ملاقات کی۔ حکومت کی جانب سے متاثرین کے ورثاء میں چیک بھی تقسیم کیے۔ وزیر اعظم  نے متاثرہ فیملی کے مطالبے پر جوڈیشل کمیشن  بنانے کی ہدایت کر دی اور کہا قانونی طور پر دیکھا جائے اگر جوڈیشل کمیشن بن سکتا ہے تو عمل کیا جائے۔  

 وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انسانی جانوں کے ضیاع کا کسی صورت ازالہ نہیں کیا جاسکتا، حکومت متاثرین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے۔

 سانحہ ساہیوال پر پہلے جے آئی ٹی نے تحقیقات کیں جبکہ ہائیکورٹ کے حکم پر سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل انکوائری بھی ہوچکی ہے جس کی رپورٹ بھی جمع کرائی جا چکی ہے۔

قبل ازیں سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ  وزیر اعلیٰ پنجاب  سردار عثمان بزدار کو جمع کرا دی تھی۔

 جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق ذیشان کا کالعدم تنظیم داعش کیساتھ تعلق تھا ،ذیشان کے موبائل کی فرانزک رپورٹ کے مطابق ذیشان داعش پنجاب کے کمانڈر خالد عرف بٹ صاحب کیساتھ رابطے میں تھا ۔

 وہ داعش کا ایکٹو ممبر ہونے کیساتھ ساتھ نیٹ ورک کے تمام دہشتگردوں کا سہولت کار بھی تھا، رپورٹ کے مطابق وقوعہ سےایک ہفتہ قبل ذیشان اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ ہنڈا سٹی گاڑی میں بارودی مواد ساہیوال لیکر گیا۔

 ذیشان کی سفید آلٹو گاڑی فیصل آباد میں ہلاک دہشتگرد عدیل حفیظ کی ملکیت تھی ،  رپورٹ کے مطابق ذیشان کی تمام تر سرگرمیوں کا اسکی والدہ، بیوہ اور بھائی کو بخوبی علم تھا،جے آئی ٹی نے ذیشان کےبھائی احتشام کاکرداربھی مشکوک قراردے دیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں افسران نے جائے وقوعہ سے تمام تر کرائم سین کے شواہد ختم کئے ، کسی موٹرسائیکل سوار یا ذیشان  کے ساتھیوں کی جانب سے سی ٹی ڈی پر کوئی فائرنگ نہیں ہوئی۔

 ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی رپورٹ میں کہا گیا کہ سب انسپکٹر صفدر حسین اور آپریشن میں حصہ لینے والے دیگر اہلکاروں نے آپریشن میں استعمال ہونے والا اسلحہ، ڈی وی آرز اور دیگر شواہد میں ردوبدل کیا۔