Monday, May 20, 2024

سانحہ ساہیوال پر بننے والی جے آئی ٹی کی گرفتار ملزموں سے تفتیش

سانحہ ساہیوال پر بننے والی جے آئی ٹی کی گرفتار ملزموں سے تفتیش
January 31, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) سانحہ ساہیوال پر بننے والی جے آئی ٹی نے گرفتار ملزموں سے واقعے کی تفتیش  کی ۔ ذرائع کے مطابق تفتیشی ٹیم نے گرفتار اہلکاروں سے سوال کیا کہ  گاڑی پر فائرنگ کس نے کی ، کار میں سوار فراد کیسے ہلاک ہوئے ۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں نے جواب دیاکہ گاڑی پر فائرنگ انہوں نے نہیں کی ، کار سوار موٹر سائیکل سوار ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ۔ سانحہ ساہیوال میں  سی ٹی ڈی نے داعش سے تعلق رکھنےو الے چار دہشتگردوں کو مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا تھا  جس میں ایک 13سالہ بچی  اور ایک خاتون بھی شامل تھی ۔ سی ٹی ڈی کے پل پل بدلتے موقف نےمعاملے کو مشکوک بنا دیا تھا ، پہلے  مبینہ مقابلے میں دہشت گردوں کی ہلاکت کا واقعہ رپورٹ ہوا تو سی ٹی ڈی کا موقف سامنے آیا کہ اغوا کار تھے ، بچے بازیاب کرا لئے گئے ۔ ساتھی موٹر سائیکل پر سوار تھے، فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ملک بھر میں واقعے پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا تو سی ٹی ڈی کا دوسرا موقف سامنے آ گیا   اعلیٰ حکام کو پیش کی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ہینڈ گرنیڈ ، خود کش جیکٹس اور بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔ معاملہ نہ بن پایا تو ایک اور موقف سامنے آیا جس میں کہا گیا ریڈ بک  میں شامل دہشت گردوں کے نام اور تصویریں جاری کی گئیں مگر ان میں مارے گئے افراد کی نہ وہ تصاویر ہیں اور نہ ہی نام   ،  کہا گیا  دہشت گرد سید یوسف رضا گیلانی کے بیٹے کے اغوا اور دیگر واقعات میں ملوث تھے ۔ غرض یہ کہ معاملہ پھر مشکوک ہو گیا اور تشویش کی لہر میں مزید اضافہ ہوا۔ سی ٹی ڈی اہلکار معصوم بچوں کو پہلے ایک پٹرول پمپ پر چھوڑ گئے اور بعد میں ساتھ لے گئے ۔  دوسری طرف سی ٹی ڈی کی جاری کردہ پریس ریلز میں لکھا ہے کہ ہلاک ہونے والے چاروں دہشت گرد جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں  اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ  کا نشانہ بنے۔ سی ٹی ڈی کے بار بار تبدیل ہوتے موقف سے شکوک و شبہات کے ساتھ ساتھ سوالات بھی اٹھے ۔ پہلا یہ کہ سی ٹی ڈی والے کار کی نمبر پلیٹ کیوں اتار کر لے گئے ؟۔  دوسرا یہ کہ کیا 13سالہ اریبہ بھی دہشت گرد تھی ؟ ۔ تیسرا یہ سارے واقعہ سے ساہیوال کی مقامی پولیس اور اعلیٰ انتظامیہ  کیوں لاعلم رہی ؟ ۔ چوتھا یہ کہ اہلکار جلد بازی میں کس سے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں ؟، اور پانچواں  یہ کہ جب گاڑی رک گئی ، سرنڈر کر دیا گیا ،خواتین اور بچے گاڑی میں موجود تھے تو ایسے میں کس قانون کے تحت نہتے لوگوں پر گولیاں برسا ئیں گئی ؟۔