Sunday, May 19, 2024

ساہیوال میں ہلاک ہونے والے ذیشان کا ٹیلی فون ڈیٹا 92 نیوز کو موصول

ساہیوال میں ہلاک ہونے والے ذیشان کا ٹیلی فون ڈیٹا 92 نیوز کو موصول
January 24, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے ذیشان کا ٹیلی فون ڈیٹا 92 نیوز نے حاصل کرلیا۔ ہلاک ہونے والے ذیشان کے ٹیلی فون ڈیٹا کے مطابق ٹیلی فون میں تھریما کے ذریعے پیغامات بھجوائے گئے تھے۔ پیغامات میں یہ پیغام بھی شامل ہے کہ شاہد بھائی سچ میں فدائی بننا چاہتا ہے۔ ایک جگہ یہ بھی پیغام موجود ہے کہ بٹ صاحب سے رات کو بات کی ہے۔ ٹیلی فون ڈیٹا سے یہ ثبوت بھی ملے کہ ذیشان کس طرح دہشت گردوں سے رابطے میں تھا۔ حساس ادارے کے انسپکٹر کو قتل کرنے والے دہشت گرد کی تصویر اور ویڈیو بھی ذیشان کے موبائل سے ملی ہے۔ نائنٹی ٹونیوز نے جو تصاویرحاصل کیں ان سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ ذیشان نے گاڑی کس وقت گھر کے باہر رکھی ہوتی تھی اور کس طرح وہ دہشت گردوں کی گاڑی کے ساتھ موو ہوئی۔ ساہیوال میں مبینہ مقابلے میں دو خواتین سمیت چار افراد ہلاک جب کہ ایک بچہ زخمی ہوا تھا۔ ساہیوال ٹول پلازہ کے نزدیک کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں نے شادی میں شرکت کے لئے جانے والی گاڑی پر فائر کھول دیے ، فائرنگ سے گاڑی میں سوار خاوند خلیل اس کی اہلیہ نبیلہ اور بیٹی اریبہ ڈرائیور ذیشان ہلاک ہوئے۔ سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے گاڑی میں سوار بچہ عمیر بھی زخمی ہوا جب کہ  دو بچے محفوظ رہے۔ مبینہ مقابلہ ساہیوال ٹول پلازہ کے قریب پیش آیا۔ مبینہ مقابلے کی خبر دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ، سی ٹی ڈی ذرائع نے مارے جانے والوں کو کبھی اغوا کار تو کبھی مبینہ دہشت گرد قرار دیا ،تاہم حقائق سے پردہ اٹھا تو معاملہ نیا ہی رنگ اختیار کر گیا۔ لاہور سے بورے والا جانے والے خاندان کے افراد مبینہ دہشت گرد ٹھہرے اور بے دردی سے مارے گئے۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر سے کسی قسم کی مزاحمت نہیں کی گئی۔ ترجمان لاہور پولیس نے بتایا یہ آپریشن سولہ جنوری کو فیصل آباد میں ہونے والے آپریشن کی ایک کڑی تھا۔ سی ٹی ڈی فیصل آباد سے فرار ہونے والے دہشت گردوں شاہد جبار اور عبدالرحمان کی گرفتاری کے لیئے کاروائیاں کر رہی تھی۔