Friday, May 17, 2024

سانحہ ساہیوال میں ذیشان اور دہشت گرد عدیل کی بہت پرانی دوستی ہونے کا انکشاف

سانحہ ساہیوال میں ذیشان اور دہشت گرد عدیل کی بہت پرانی دوستی ہونے کا انکشاف
January 29, 2019
 لاہور (92 نیوز) سانحہ ساہیوال کیس میں ذیشان اور دہشت گرد عدیل کی بہت پرانی دوستی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ سانحہ ساہیوال میں مارنے جانے والے ذیشان کے حوالے سے تازہ ترین انکشافات سامنے آگئے۔ ذرائع کے مطابق ذیشان اور فیصل آباد مقابلے میں ہلاک ہونے والےدہشتگرد عدیل کی بہت پرانی دوستی تھی اور ذیشان کا دہشت گردوں سے متعدد مرتبہ رابطہ ہوا جبکہ ذیشان اور دہشت گردوں کے درمیان ایک دن میں پچاس مرتبہ رابطہ ہوا اور ہر کال 20 منٹ کے وقفہ سے کی گئی۔ ذرائع کے مطابق کالز میں ہدایات دی جا رہی ہیں کہ اوکاڑہ ٹول پلازہ پر اپنے چہروں کو چھپا لینا اور دوسری کال میں ساہیوال داخلے کے لیے دوسرے راستے سے داخل ہونے کا کہا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق دیگر دہشتگردوں کی کالز میں کہا گیا ہے کہ ذیشان کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا اور ذیشان کے معاملے کو اتنا اٹھایا جائے کہ حساس ادارے متنازعہ بن جائیں۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں نے ریکارنگز کے بعد دہشت گردوں کے خلاف حکمت عملی تبدیل کر کے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ دوسری طرف سانحہ ساہیوال میں جاں بحق افراد کی پوسٹ مارٹم اور زخمی افراد کی میڈیکل رپورٹ 92 نیوز نے حاصل کرلی ۔ رپورٹ کے مطابق چاروں جاں بحق ہونے والے افراد کے سروں میں گولیاں ماری گئیں۔ بچی اریبہ کو 6 گولیاں سینے میں دائیں اور بائیں لگنے سے اس کی پسلیاں بھی ٹوٹیں۔ سانحہ میں جاں بحق ہونے والی دوسری متاثرہ نبیلہ کو چار گولیاں لگیں، جن میں سے ایک گولی اس کے سر میں لگی جبکہ خلیل پرگیارہ گولیاں برسائی گئیں جس میں سے ایک نے سر کو نشانہ بنایا ۔ ڈرائیور ذیشان کو13 گولیاں لگیں جبکہ سر میں لگنے والی گولی سے ہڈیاں باہر آگئیں۔