Friday, May 10, 2024

سانحہ ساہیوال میں استعمال ہونیوالا اسلحہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں جمع کرادیاگیا

سانحہ ساہیوال میں استعمال ہونیوالا اسلحہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں جمع کرادیاگیا
February 7, 2019
لاہور (92 نیوز)سانحہ ساہیوال میں استعمال ہونے والا اسلحہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی میں جمع کرا دیا گیا۔ جے آئی ٹی نے گرفتار  سی ٹی ڈی اہلکاروں سے  اسلحہ تحویل میں لے کر فرانزک کے لئے بھجوایا ،  ذرائع کے مطابق جمع کرائے گئے اسلحہ میں 4رائفلیں اور 3نائن ایم ایم  پستول شامل ہیں ۔ سانحہ میں استعمال  کی جانے والی گولیاں اور خول پہلے  ہی جمع کرائے جا چکے ہیں جبکہ فرانزک سائنس ایجنسی نے اسلحہ کی حوالگی کا کئی بار مطالبہ کیا تھا ۔ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا کہ سانحہ ساہیوال اور سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ٹارگٹ کلنگ کی گئی ، اگر متاثرہ خاندان چاہیں گے تو جوڈیشل کمیشن بنا دیں گے ۔ ادھر لاہور ہائیکورٹ میں سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے جوڈیشل انکوائری کرانے کی پیشکش کر دی  ۔ عدالت کا عینی  شاہدین کو طلب کر کے بیانات ریکارڈ کرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ایک ہفتے تک وفاقی حکومت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل سے متعلق آگاہ کرے ۔