Tuesday, May 21, 2024

سانحہ ساہیوال ، لواحقین کا ساہیوال اور لاہور میں احتجاج

سانحہ ساہیوال ، لواحقین کا ساہیوال اور لاہور میں احتجاج
January 19, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سانحہ ساہیوال کے خلاف ہلاک ہونے والے چار افراد کے لواحقین اور  اہل محلہ کا لاہور اور ساہیوال میں احتجاج جاری ہے ۔ سانحہ ساہیوال میں فائرنگ سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی  کے نام پر شہریوں کی ہلاکت کے معاملے پر مقتولین کے  ورثا اور اہل علاقہ سراپااحتجاج بن گئے ۔ جاں بحق ہونے والاخلیل اور ذیشان کوٹ لکھپت  کے علاقہ اسماعیل نگرکے رہائشی تھے ، فائرنگ سے خلیل کی بیوی نبیلہ اورتیرہ سالہ بیٹی اریبہ بھی  جاں بحق  جبکہ بیٹازخمی ہوگیا ۔ اموات کاعلم ہواتوعزیزواقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد فیروزپورروڈ پرآگئی ، مظاہرین نے چونگی امرسدھو سٹاپ پرروڈ بلاک کردیا ۔ مظاہرین کاکہنا تھا کہ دہشت گردوں کے نام پر بے گناہوں کوماردیاگیا ۔ احتجاج کے باعث فیروز پورروڈ پرٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی اورٹریفک کومتبادل راستوں پرڈال دیاگیا۔ مشتعل مظاہرین میٹرو بس کے روٹ میں داخل ہو گئے اور بس سروس بھی معطل کر دی ۔ اس سے پہلےجاں بحق افراد کے اہلخانہ نے ساہیوال میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوراٹر اسپتال کے سامنے احتجاج کیا اور روڈ بلاک کر دیا۔نعشیں حوالے نہ کرنے پر ورثا انتظامیہ اور پولیس کیخلاف نعرے لگاتے رہے۔ عینی شاہدین کے مطابق سانحہ ساہیوال میں  ہلاک ہونے والوں نے کسی قسم کی کوئی مزاحمت نہ کی اور نہ ہی واقعے کے وقت ان سے کوئی اسلحہ برآمد ہوا ۔ ادھر آئی جی پنجاب نے واقعے پر جے آئی ٹی تشکیل دے دی ۔