Friday, May 17, 2024

سانحہ ساہیوال ،جے آئی ٹی سربراہ کا رپورٹ 30 روز میں دینے کا عندیہ

سانحہ ساہیوال ،جے آئی ٹی سربراہ کا رپورٹ 30 روز میں دینے کا عندیہ
January 22, 2019
ساہیوال ( 92 نیوز) سانحہ ساہیوال پر حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹی کے سربراہ اعجاز شاہ نے کہا کہ  رپورٹ  جمع کرانے  کی مدت 30 یوم ہوتی ہے ۔سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ،  شواہد کا جائزہ اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کئے ۔ سانحہ ساہیوال   کی تحقیقات کے لیے  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جے آئی ٹی کودی گئی ڈیڈلائن  آج شام  ختم ہورہی ہے، جبکہ جےآئی ٹی سربراہ اعجاز شاہ  کہتے ہیں کہ ابھی تک کسی نتیجے پر نہیں پہنچے ۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ نے سانحہ ساہیوال کے جائے وقوعہ کا دورہ کیا ،شواہد کا جائزہ لیا اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے، میڈیا سے گفتگو میں اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ اتنے بڑے واقعہ پر دو تین دن میں رپورٹ نہیں دی جاسکتی۔ اعجاز شاہ  کا مزید کہنا تھا کہ جےآئی ٹی انڈر80اے بنی ہے،اس میں تیس دن نتائج دینے کا وقت ہوتا ہے،تمام حقائق سامنے آنے تک کچھ نہیں کہا جاسکتا کہ کون گنہگار ہے اور کون نہیں۔ وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی کا کہنا ہے کہ جےآئی ٹی رپورٹ کے آنے کے بعد ساہیوال واقعہ کے مجرموں کو عبرتناک سزا ملے گی،تمام حقائق پارلیمنٹ اور قوم کے سامنے لائیں گے۔ شہریارآفریدی کا مزید کہنا تھا کہ  جے آئی ٹی رپورٹ آنے دیں، وقت سے پہلے قانون اور مذہب بھی سزا دینے کی اجازت نہیں دیتا،نہتے شہریوں پر گولیاں چلانے کی اجازت کسی کو نہیں ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساہیوال واقعہ پر جےآئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے تین دن میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔جس کی ڈیڈ لائن آج شام ختم ہو رہی ہے۔