Friday, April 19, 2024

سانحہ تیزگام ، جھلس کر جاں بحق 73 مسافروں میں سے بیشتر کی شناخت نہ ہو سکی

سانحہ تیزگام ، جھلس کر جاں بحق 73 مسافروں میں سے بیشتر کی شناخت نہ ہو سکی
November 1, 2019
 رحیم یار خان (92 نیوز) سانحہ تیزگام میں جھلس کر جاں بحق 73 مسافروں میں سے بیشتر کی شناخت نہ ہو سکی ۔ 57 میتیں ڈے این اے ٹیسٹ کیلئے رحیم یار خان منتقل کر دی گئیں۔ 22 زخمی شیخ زاید اسپتال رحیم یار خان ، 9 زخمی وکٹوریہ اسپتال بہاولپور جبکہ 9 زخمی نشتراسپتال ملتان میں زیر علاج ہیں ۔ متعدد افراد کی حلات تشویشناک ہے ۔ سانحہ تیز گام ایکسپریس کا مقدمہ تھانہ ریلوے خان پور میں درج کر لیا گیا۔ مقدمہ ٹرین کے گارڈ سعید کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعہ کی بنیادی وجہ گیس سلنڈر کا پھٹنا قرار دیا گیا ہے۔ ادھر ٹرین حادثے میں جاں بحق 7 افراد کے جسد خاکی میر پور خاص میں ورثا کے حوالے کر دی گئی۔ آج نماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا جائے گا۔ حادثے کے زخمی 50 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر سانحہ تیز گام پیش آنے کی وجہ سلنڈر دھماکہ یا شارٹ سرکٹ ، گتھی سلجھنے کی بجائے مزید الجھ گئی ، ٹرین میں سوار ایک مسافر کے مطابق  ٹرین میں پہلے ہلکی آگ لگی، میں نے زنجیر کھینچی لیکن آگ نے ساری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ ایک عینی شاہد کے مطابق ٹرین میں لگا پنکھا تین چار دن سے شارٹ سرکٹ کررہا تھا ، اے سی میں بھی خرابی پیدا ہوئی ، حادثہ  مسافروں کی نہیں انتظامیہ کی نا اہلی کی وجہ سے پیش آیا۔ کچھ عینی شاہدین کے مطابق ٹرین میں آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ،کچھ کا کہنا تھا پنکھا گرنے کے بعد سلنڈر دھماکا ہوا۔