Friday, March 29, 2024

سانحہ تربت کے بعد ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز کیخلاف گھیرا تنگ

سانحہ تربت کے بعد ایف آئی اے کا انسانی سمگلرز کیخلاف گھیرا تنگ
November 21, 2017

لاہور (92 نیوز) تربت میں بیس افراد کی ہلاکت نے جہاں ہر آنکھ کو نم کیا وہیں ایف آئی اے بھی انسانی اسمگلرز کے خلاف متحرک ہو گئی۔ پنجاب بھر میں نوجوانوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا اور مختلف شہریوں میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد انسانی سمگلرز کو دھر لیا۔
گجرات میں کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے تربت میں قتل ہونے والے کھوڑی رسول پور کے تین نوجوانوں کو سہانے خواب دکھانے والے قیصر منیر نامی ایجنٹ کو گرفتار کر لیا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے چودھری سرور کے مطابق ملزم قیصر مقتول دانش، ثاقب اور قاسم علی کو کوئٹہ بھجوانے والے گروہ کا کارندہ ہے۔
گوجرانوالہ کے نواحی علاقے سادھوکی میں بھی ایف آئی اے نے بڑی کارروائی کی اور سات انسانی اسمگلرز کو دبوچ لیا۔
ایف آئی اے حکام نے کہا کہ گرفتار انسانی اسمگلرز میں سے چار کا تعلق بلوچستان سے ہے۔ ملزمان سے جعلی اسٹیمپس، پاسپورٹس اور شناختی کارڈز بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والوں کو کوئٹہ بھجوانے میں ملوث ہیں۔
ادھر رحیم یار خان میں بھی ایف آئی اے نے ایکشن لیا اور چونگی نمبر 12 کے قریب کارروائی کرتے ہوئے جعلی ویزے کا کام کرنے والے کارندے کو گرفتار کر لیا۔ ملزم وحید نے محمد اکبر سے سعودی عرب میں کام دلانے کے عوض چھے لاکھ روپے وصول کئے تھے۔ ملزم کی گرفتاری کے دوران ایف آئی اے کو اہل علاقہ کی جانب سے مزاحمت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔