Monday, September 16, 2024

سانحہ بیدیاں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی

سانحہ بیدیاں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی گئی
April 5, 2017
لاہور(92نیوز)وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے احکامات پرسانحہ بیدیاں روڈ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ  دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔ تفصیلات کےمطابق بیدیاں روڈ پرمردم شماری ٹیم پر ہونے والے خود کش حملہ کی اطلاع وزیر اعلیٰ پنجاب کو اس وقت دی گئی جب وہ اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس پر انہوں نے سیکرٹری داخلہ اور آئی جی کو ہدایت کی کہ فوری طور پر معاملہ کی جانچ کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ پیش کی جائے۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی رپورٹ وزیر اعلی پنجاب کو پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ وین کو خود کش بمبار نے پیچھے سے نشانہ بنایا خود کش بمبار نے جو جیکٹ استعمال کی اس میں 8 سے 12 کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا نشانہ بننے والی وین کے ڈرائیور سمیت 16 افراد زیر حراست ہیں جن سے تفتیش جاری ہے۔ دھماکے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے بعد وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر تحقیقات کے لئے اعلی سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ، کمیٹی کا سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ پنجاب کو بنایا گیا ہے جبکہ کمیٹی میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ایس پی سی ٹی ڈی کو بطور ممبر شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی ضلعی انتظامیہ اور مردم شماری کے انتظامی ذمہ داروں سے بھی رابطہ کرے گی اور اپنی رپورٹ میں سانحے کی وجوہات اورسیکورٹی  صورتحال کی نشاندہی کرے  گی۔ دوسری طرف سانحہ بیدیاں روڈ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے مقدمہ میں 304 ،302  سمیت دیگر دفعات شامل  کی گئی ہیں۔