Thursday, March 28, 2024

سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پبلک نہ کرنیکا معاملہ ، چیف سیکرٹری سندھ کیخلاف درخواست دائر

سانحہ بلدیہ کی جے آئی ٹی رپورٹ پبلک نہ کرنیکا معاملہ ، چیف سیکرٹری سندھ کیخلاف درخواست دائر
May 29, 2020
 کراچی (92 نیوز) سانحہ بلدیہ، لیاری گینگ وار کے عزیر بلوچ اور نثار مورائی کی جے آئی ٹی رپورٹ پبلک نہ کرنے کے معاملے پر وفاقی وزیر علی زیدی نے چیف سیکریٹری سندھ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔ درخواست میں کہا کہ سندھ ہائیکورٹ نے جنوری میں تینوں اہم جے آئی ٹیز پبلک کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم کے باوجود چیف سیکریٹری سندھ نے تینوں جے آئی ٹیز پبلک نہیں کیں۔ سانحہ بلدیہ میں گرفتار ملزمان نے اہم ترین انکشافات کیے تھے۔ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ نے بھی دہشت گردی اور دیگر سنگین وارداتوں میں اہم شخصیات کے ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔ وفاقی وزیر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عزیر بلوچ اور نثار مورائی کی جو جے آئی ٹیز سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں ان میں بڑے نام ہیں اور وہ اسمبلی میں موجود ہیں ۔ علی زیدی نے کہا کہ کراچی کے ساتھ سالہا سال سے ظلم ہوا، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہے۔ جہاں جہاں غلط ہوا ہے اس کے خلاف یک جہتی کے ساتھ کھڑا ہونا پڑے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تین اہم مقدمات کی جے آئی ٹیز پبلک ہونے سے کئی چہروں سے نقاب اتر جائیں گے۔