Monday, September 16, 2024

سانحہ بلدیہ کیس کا تفتیشی افسر ایک بار پھر تبدیل‘ اصل ملزمان تاحال مفرور

سانحہ بلدیہ کیس کا تفتیشی افسر ایک بار پھر تبدیل‘ اصل ملزمان تاحال مفرور
May 28, 2016
کراچی (92نیوز) حکومت سندھ نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کے اصل ملزموں کےخلاف تاحال کارروائی کا فیصلہ نہیں کیا۔ عدالت بھی شش وپنج کا شکار۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے حکومت سے کیس کی کارروائی سے متعلق حتمی رائے طلب کر لی۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ بلدیہ کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج غربی مقبول میمن کی عدالت میں ہوئی۔ دوران سماعت محکمہ داخلہ سندھ سے فیکٹری مالکان کی جے آئی ٹی کی کاپی گم ہونے کا حیرت انگیز انکشاف ہو گیا۔ عدالت نے شدید برہمی کا اظہارکیا اور کہا کہ کیس جے آئی ٹی کی روشنی میں نہیں بلکہ حکومتی ہدایت پر چلے گا لیکن چوری ہونےوالی جے آئی ٹی کی کاپی کہیں اور سے نہیں آئی جی سندھ کے دفتر سے برآمد ہو گئی۔ عدالت نے اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر کو ہدایت دی کہ حکومت سے حتمی طور پر پوچھ کر بتائیں کہ کیس کو کس طرح چلانا ہے؟ دوران سماعت ایس ایس پی ساجد سدوزئی نے بتایا کہ انسپکٹر جہانزیب کو تبدیل کرکے تفتیش اسلام گل کے حوالے کی گئی ہے جبکہ مفرور ملزم ایم کیوایم کارکن منصور کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی ہے۔ عدالت نے مفرور ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت سولہ جولائی تک ملتوی کر دی۔