Saturday, May 11, 2024

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس، رؤف صدیقی بری، رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس، رؤف صدیقی بری، رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت
September 22, 2020
کراچی (92 نیوز) انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ ایم کیو ایم رہنماء رؤف صدیقی کو بری، رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنادی۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس، کراچی کی تاریخ کا سب سے بڑامقدمہ، انسداد دہشت گردی کی عدالت آٹھ برس بعد فیصلہ سنادیا۔ عدالت نے زبیر چریا اور رحمنٰ بھولا کو 264 بار سزائے موت سنائی ہے، سہولت کاری کے الزام میں 4 ملزموں کو عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ فضل احمد ،ارشد محمود، علی محمد، فیکٹری منیجر شاہ رخ کو عمر قید کی  سزاسنائی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے حماد صدیقی کو اشتہاری قرار دیدیا۔ عدالت کے فیصلے کے بعد رؤف صدیقی نے کہا کہ آج سانحہ بلدیہ کے مقدمے کا فیصلہ ہوگیا، سانحہ بلدیہ کے تیسرے روز وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ کہا کہ میں نے رضا کارانہ طور پر اپنے آپ کو عدالت میں پیش کیا۔ تفتیش میں مجھے بے گناہ قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمے میں مجھے باعزت بری کر دیا گیا۔ مجھے انسداددہشتگردی عدالت سے انصاف ملا ہے۔ لواحقین کی چیخیں آج تک میرے کاموں مین گونجتی ہیں، وہ رات بھول نہیں پاتا تھا۔ ایم کیو ایم رہنماء نے مزید کہا کہ بہت تکلیف دہ دن گزرے ہیں۔ امن عدالتوں کے انصاف پر ہی قائم ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے میری گواہی عدالت کے ذریعے دی ہے۔ فاروق ستار نے نائنٹی ٹو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقدمہ پوری شفافیت سے چلا اور جو قصوروار نکلے انکو سزا ملی۔ فیصلے سے لواحقین کے دلوں کو اطمینان پہنچا۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا پراسیکیوشن کی بہتری کیلئے قانون سازی کی ضرورت ہے جتنا بڑا کیس تھا اس میں بہت کم لوگوں کو سزا ملی۔ نصرت سحر عباسی بولیں وہ 250 فیملیز جو روز مر رہی ہیں کیا سندھ حکومت نے ان کے بارے میں کچھ سوچا۔ گیارہ ستمبر 2012 کو بھتہ نہ دینے پر بلدیہ فیکٹری کو آگ لگائی گئی، اڑھائی سو سے زائد افراد زندہ جل گئے تھے۔