Saturday, April 20, 2024

سانحہ باچا خان یونیورسٹی ، پہلی برسی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی

سانحہ باچا خان یونیورسٹی ، پہلی برسی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی
January 20, 2017
چارسدہ(92نیوز)سانحہ باچاخان یونیورسٹی چارسدہ کی پہلی برسی پرلواحقین، طلبہ اوراساتذہ نے تو شہداء کو آہوں اور سسکیوں میں یاد کیا لیکن حکمران بھولے رہے۔ غم وغصہ سے بھرے طلبہ کے احتجاج کے باعث برسی کی تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ مہمان خصوصی شوکت یوسفزئی تقریب چھوڑ کرچلے گئے۔ تفصیالت کےمطابق چارسدہ کی باچاخان یونیورسٹی میں سفاک دہشت گردوں کی شمع علم کے پروانوں کےساتھ خون کی ہولی کوایک سال مکمل ہوا تو شہداء کو یاد کرنے کےلئے یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، شہداء کے لواحقین،یونیورسٹی کے اساتذہ اورطلبہ نے تو شہیدوں کو افسردہ اور نم آنکھوں کے ساتھ یاد کیا لیکن وفاق اور صوبے کے حکمرانوں میں سے کسی کو غمزدہ خاندانوں کا دکھ بانٹنے کی توفیق نہ ہوئی۔ حکمرانوں کی بے حسی پرمشتعل طلبہ نےاحتجاج کیا جس کے باعث تقریب بدنظمی کا شکار ہوگئی۔ ہنگامہ آرائی کے باعث مہمان خصوصی شوکت یوسفزئی تقریب چھوڑکرچلے گئے اوریادگارشہداء پرسلامی نہ دے سکے۔ وزیراعظم،گورنر،وزیراعلٰی اور دیگراہم شخصیات کی عدم شرکت پرشہداء کے لواحقین اور طلبہ کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے سانحہ کےمتاثرین سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے اورنہ ہی انہیں غمزدہ خاندانوں کے زخموں پرمرہم رکھنے کی بھی توفیق نہ ہوئی۔