Sunday, September 8, 2024

سانحہ باچا خان یونیورسٹی پر ملک بھر میں دعائیہ تقریبات

سانحہ باچا خان یونیورسٹی پر ملک بھر میں دعائیہ تقریبات
January 21, 2016
لاہور (92نیوز) سانحہ چارسدہ کے بعد مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ اسکولوں میں بچوں نے تعلیم کی شمع جلائے رکھنے کا عزم ظاہر کیاجبکہ دہشت گردوں کے ایجنڈے کی بھرپور مذمت کی۔ تفصیلات کے مطابق چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردی کے بعد ملک بھرمیں تعلیمی ادارے آواز بلند کرنے لگے۔ مختلف شہروں میں دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا جبکہ شہداءکو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد، ملتان ، سرگودھا ، سیالکوٹ ، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں کے اسکولوں میں بچوں نے شہداءکے لئے خصوصی دعا کی۔ معصوم بچوں کا کہنا تھا کہ کچھ بھی ہو وہ تعلیم حاصل کرنے اسکول ضرور آئیں گے‘ دہشت گرد انہیں روک نہیں سکتے۔ اس موقع پر اساتذہ کرام نے تعلیم دشمن عناصر کی سازشوں کی بھرپور مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کے سخت اقدامات یقینی بنائے جائیں اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے۔