Thursday, May 9, 2024

سانحہ بارہ مئی کو چودہ برس بیت گئے

سانحہ بارہ مئی کو چودہ برس بیت گئے
May 12, 2021

کراچی (92 نیوز) سانحہ بارہ مئی کو چودہ برس بیت گئے۔ دو ہزار سات میں آج کے دن سابق چیف جسٹس کی کراچی آمد کے موقع پر پرتشدد واقعات ہوئے۔

معزول چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی کراچی آمد کے موقع شہرقائد میں مسلح جھتوں کا راج تھا۔ شہر کے تقریبا سب ہی راستے کنٹینرز اور دیگر رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیئے گئے تھے۔ شاہراہ فیصل میدان جنگ بنا تھا۔ مسلح اافراد کا مسلح افراد سے مقابلہ تھا۔ گولیاں چلتی رہیں اور لاشیں گرتی رہیں۔ شہر میں گولیوں اور ایمبولینس کی ہی آوازیں آرہی تھیں۔

دن بھر ہونے والی فائرنگ میں پچاس سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔ ایک سو تیس سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنان تھے۔ مسلح جتھوں نے گاڑیوں اور املاک کو آگ  لگا دی تھی۔ شہر قائد میں اس دن قیامت صغرہ کا سا منظر تھا۔ شہر میں دہشت اور خوف کا راج تھا اور پولیس غائب تھی۔ شہری اپنے گھروں میں محصور تھے۔ شہری اس دن کو یاد کرکے آج بھی خوف زدہ ہو جاتے ہیں۔

کراچی کی تاریخ مختلف سانحات سے بھری ہوئی ہے۔ ان سانحات کی طرح سانحہ بارہ مئی کے کئی کردار چودہ برس بعد بھی بے نقاب نہ ہو سکے۔