Wednesday, May 8, 2024

سانحہ اے پی ایس نوٹس کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

سانحہ اے پی ایس نوٹس کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
October 16, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ اے پی ایس نوٹس کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں دو رکنی بینچ 20 اکتوبر کو سماعت کریگا۔ اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔

واضح رہے سولہ دسمبر 2014 وہ دن ہے جب پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر بزدل دشمنوں نے حملہ کر دیا تھا ۔ صبح گیارہ بجے دہشتگرد اسکول میں داخل ہوئے نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کو یرغمال بنایا بلکہ ایک سوبتیس معصوم جانوں سمیت ایک سواکتالیس افراد کوشہید کیا تھا ۔

سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی میں دہشتگردوں کو مار گرایا لیکن خونریزی کا واقعہ پیچھے صرف والدین کی آہیں اورسسکیاں چھوڑ گیا تھا ۔ دہشتگردوں کی یہ سازش علم کی شمع نہ بجھا سکی، ماؤں کا حوصلہ نہ توڑ سکی، آرمی پبلک اسکول کی کلاسیں پھر بھر گئیں۔

واقعے کے بعد پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کیا اور ملک دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ واقعہ میں بچنے والے آج ملک کا نام روشن کرنے میں مصروف ہیں اور پوری قوم شہدا اے پی ایس کوسلام پیش کر رہی ہے۔