Friday, May 17, 2024

سانحہ آرمی پبلک سکول کو سال مکمل‘ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر

سانحہ آرمی پبلک سکول کو سال مکمل‘ سیاسی اور عسکری قیادت ایک پیج پر
December 16, 2015
پشاور (92نیوز) سانحہ آرمی پبلک سکول کو ایک برس بیت گیا ہے۔ پشاور میں شہداءکی یاد میں مرکزی تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اعظم‘ تینوں مسلح افواج کے سربراہان‘ چاروں وزرائے اعلیٰ‘ وفاقی وزراءاور عمران خان شریک ہوئے۔ تقریب میں ملکی اعلیٰ قیادت نے شہداءکے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ تفصیلات کے مطابق پشاور میں سانحہ آرمی پبلک سکول کا ایک سال مکمل ہونے پر اسی سکول میں تقریب منعقد کی گئی جو دہشت گردوں کو کھلا پیغام ہے کہ جیت امن اور حق کی ہی ہوتی ہے۔ آج دنیا نے دیکھ لیا کہ شہید بچوں کی اہمیت کیا ہے اور بچوں کا خون کرنے والے کیسے قابل نفرت ٹھہرے۔ مرکزی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف‘ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف‘ مسلح افواج کے سربراہان‘ چاروں وزرائے اعلیٰ‘ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سمیت دیگر عسکری و سیاسی حکام شریک ہوئے۔ تقریب میں شہید بچوں کے والدین ، لواحقین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کے بچوں نے ملی نغمے گائے جبکہ مختلف خاکے بھی پیش کئے گئے۔ وزیرا عظم نواز شریف نے لواحقین میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ تقریب میں بچوں نے وہی عزم دہرایا جو اس سانحے کے فوری بعد دکھایا گیا۔ اے پی ایس میں شرکاءنے والدین کے حوصلے کی بھی داد دی۔ اس موقع پر حملے کے عینی شاہد بچوں کا بھی عزم دیدنی تھا۔