Tuesday, May 21, 2024

بچوں کے لہو کے قطرے قطرے کا حساب لیا جائے گا : نوازشریف

بچوں کے لہو کے قطرے قطرے کا حساب  لیا جائے گا : نوازشریف
December 16, 2015
پشاور (92نیوز) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ سانحے کے بعد دل بہت اداس رہا۔ ان بچوں کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعظم نے جنرل راحیل کی قیادت میں قربانیوں اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے اس دن کو قومی عزم تعلیم کے دن کے طور پر منانے کا اعلان بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق سانحہ آرمی پبلک سکول کو ایک سال مکمل ہونے پر مرکزی تقریب سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ اس سانحے کے فوراً بعد ملک کی سیاسی و عسکری قیادت ایک تھی۔ اس سانحے کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بچوں کا لہو بول رہا ہے۔ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی میں بھی ان بچوں کی قربانی شامل ہے۔ نوازشریف نے کہا کہ ضرب عضب دہشت گردوں کی کمر توڑ چکا ہے۔ مذموم مقاصد رکھنے والوں کا نیٹ ورک بھی نہیں رہا۔ بچے کھچے دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر حصہ امن کا گہوارہ بنے گا۔ جنرل راحیل کی قیادت میں بے پناہ کامیابیاں ملی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ خوشحالی کا سورج طلوع ہو رہا ہے۔ پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں کی فہرست میں لانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں۔ کراچی میں بھی امن لارہے ہیں۔ نواز شریف نے شہداءکو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان بچوں کی قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائے گی۔ وزیراعظم نے شہداءکے لواحقین میں میڈلز بھی تقسیم کئے۔