Tuesday, May 21, 2024

سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس، سپریم کورٹ کا وفاقی حکومت کو 4 ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم

سانحہ آرمی پبلک اسکول کیس، سپریم کورٹ کا وفاقی حکومت کو 4 ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم
November 10, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سانحہ اے پی ایس از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 4 ہفتوں میں رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سانحہ اے پی ایس از خود نوٹس کیس کی سماعت کی ۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے بچوں کو سکولوں میں مرنے کیلئے نہیں چھوڑ سکتے۔ چوکیدار اور سپاہیوں کیخلاف کارروائی کر دی گئی۔ اصل میں تو کارروائی اوپر سے شروع ہونی چاہیے تھی۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس سکیورٹی کی ناکامی تھی ؟۔اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہم تمام غلطیاں تسلیم کرتے ہیں دفتر چھوڑ دوں گا لیکن کسی کا دفاع نہیں کروں گا۔ اعلیٰ حکام کے خلاف ایف آئی آر درج نہیں ہو سکتی۔

عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے پر وزیراعظم عمران خان وقفے کے بعد پیش ہوئے ۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ عدالت کے واضع حکم کے باوجود کچھ نہیں ہوا۔ اس پر وزیراعظم نے کہا کہ جب سانحہ ہوا تو صوبے میں ہماری حکومت تھی۔ صوبائی حکومت جو بھی مدد کرسکتی تھی کیا۔ سانحہ کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتی۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو 4 ہفتوں میں اقدامات اٹھا کر وزیر اعظم کے دستخط کے ساتھ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیدیا۔ عدالت نے شہداء کے والدین کا مؤقف سننے کی بھی ہدایت کی۔