Saturday, April 20, 2024

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے3سال مکمل، ملک بھرمیں تقاریب

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کے3سال مکمل، ملک بھرمیں تقاریب
December 16, 2017

پشاور (92 نیوز) آرمی پبلک اسکول پشاور پر حملے کو تین سال مکمل ہوگئے، لیکن زخم آج بھی تازہ ہیں، ننھے پھول جانوں کے نذرانے پیش کر کے امر ہوگئے، اس اندوہناک سانحے کی یاد میں شہر شہر تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔

مرکزی تقریب آرمی پبلک اسکول پشاور ہی میں ہوئی جس میں کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ اور آئی جی فرنٹیئر کور سمیت اعلیٰ عسکری وسول حکام شریک ہوئے، تقریب میں شہدا کیلئے قرآن خوانی کی گئی اور یادگارشہدا پر پھول بھی چڑھائے گئے۔

راولپنڈی میں بھی شہدا کیلئے دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں اور اسکولوں کی بچوں نے شرکت کی، بچوں نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈز اور گلدستے اٹھا رکھے تھے، بچوں نے خصوصی ترانے پیش کر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

کندھ کوٹ میں بھی شہدا کی یاد میں تقریب سجائی گئی، جس میں اساتذہ اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شہداء کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی دعا بھی کرائی گئی۔

کشمور میں اے پی ایس شہدا کی یاد میں نجی اسکول کے طلبہ نے ریلی نکالی، جو واپڈا مین گیٹ سے واپس اسکول پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی، گزشتہ روز شکارپور میں شہدا کی یاد میں سول سوسائٹی کی جانب سے شمعیں بھی روشن کی گئیں۔