Saturday, April 20, 2024

سانحہ 12مئی میں ملوث انسان مجرموں کو لٹکانے کی بات کر رہا ہے : مصطفیٰ کمال

سانحہ 12مئی میں ملوث انسان مجرموں کو لٹکانے کی بات کر رہا ہے : مصطفیٰ کمال
October 20, 2016
کراچی (92نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ گورنر سندھ قائد ایم کیو ایم سے رابطے میں ہے۔ پاکستان مخالف نعرہ لگانے والے انسان کو اپنا محسن قرار دینے پر عشرت العباد کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے کہا گورنر سے پوچھا ان کی آمدنی کا ذریعہ ہے۔ گورنر کی جائیداد کی تمام تفصیلات باہر نکالی جائیں۔ انہوں نے مطالبہ گورنر کو دوہری شہریت ہونے کی بنا پر عہدے سے ہٹا کر گرفتار کیا جائے۔ گورنر نے ان پر جو الزامات لگائے ہیں اس کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے۔ تفصیلات کے مطابق پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے گورنر کے الزامات کا جواب دھواں دھار پریس کانفرنس کر کے دے دیا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ مرکزی رہنما رضا ہارون کے ساتھ دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا گورنر سندھ چودہ برس میں پہلی مرتبہ منظرعام پر آئے۔ انہوں نے کہا گورنر ہمارے لیے زخم اورناسور ہیں۔ اس ناسور کو ختم نہیں کیا گیا تو یہ شہر ترقی نہیں کرے گا۔ وہ چاہتے تھے گورنر سندھ کھل کر سامنے آئیں۔ ایم کیوایم قائد پہلا جبکہ رشوت العباد دوسرا ناسور ہیں۔ انہوں نے کہا لوگ ان کے پاس گورنر کیخلاف ثبوت لیکر آ رہے ہیں جنہیں سنبھالنے کے لیے گورنر کرپشن سیل کھولنا پڑے گا۔ گورنر نے مجھ پر کرپشن کے الزامات لگائے ہیں۔ جھوٹ بولنے والے پر اللہ کی لعنت۔ تمام الزامات من گھڑت اور جھوٹے ہیں۔ انہوں نے کہا وہ اپنے خلاف لگائے گئے الزامات پر جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جو انسان خود سانحہ 12مئی میں ملوث تھا وہ ہی مجرموں کو لٹکانے کی بات کررہا ہے۔ گورنر نے آج تک مجرموں کو گرفتار کیوں نہیں کیا؟ گورنرکو کیسے پتا تھا کہ لوگ مرنے والے ہیں؟ گورنر نے بیگناہ لوگوں کی موت پر کوئی آواز نہیں اٹھائی۔ بیگناہ لوگوں کے مرنے کے بعد بھی یہ عہدے پر رہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا عشرت العباد چودہ سال سے گورنر ہیں‘ 2016ءمیں انہیں سارے واقعات یاد آ رہے ہیں۔ گورنر سندھ بذات خود بلدیہ فیکٹری سمیت کئی واقعات میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا ایک سینیٹر اور ایم این اے کو دہری شہریت پر اسمبلی میں بیٹھنے نہیں دیا جاتا، عشرت العباد کے پاس دوہری شہریت ہے مگر وہ پھر بھی سندھ کا گورنر بنا ہوا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا گورنر کس قانون کے تحت ملکہ برطانیہ سے وفاداری کا حلف لے کر برٹش پاسپورٹ سمیت ہاوس میں بیٹھے ہیں۔ یہ آدمی نیشنل ایکشن پلان کی میٹنگ میں بیٹھتا ہے۔ اتنی اہم پوسٹ پر کیا یہ آدمی بیرون ملک کا آلہ کار نہیں بن سکتا۔ انہوں نے کہا گورنر کا نام ای سی ایل میں ڈال کر استعفیٰ لیا جائے اور گرفتار کیا جائے۔ وزیراعظم اور وزیرداخلہ ملک کو بنانا اسٹیٹ بننے سے بچائیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹس سے پتا چلا کہ گورنر پانچ سال سے برطانیہ سے ایک ہزار پاونڈ لے رہے ہیں۔ عشرت العباد جب گورنر بننے آئے تھے تو گھر میں پیسے تک نہیں تھے۔ گورنر کی ساری جائیداد کی تفصیل نکالی جائے۔ ان سے پوچھا جائے ان کی آمدنی کا ذریعہ کیا ہے۔ کیا عشرت العباد نے رشوت العباد بن کر پیسے کمائے ہیں۔