Monday, September 16, 2024

سامعہ قتل کیس : ڈی آئی جی کی سربراہی میں نئی ٹیم نے تحقیقات شروع کر دیں

سامعہ قتل کیس : ڈی آئی جی کی سربراہی میں نئی ٹیم نے تحقیقات شروع کر دیں
July 30, 2016
لاہور (92نیوز) برطانوی شہری سامعہ قتل ہوئی یا خودکشی کی؟ معاملہ ابھی تک سلجھا نہیں۔ ڈی آئی جی کی سربراہی میں تین رکنی نئی تحقیقاتی ٹیم نے جہلم پہنچ کر کیس کا تمام ریکارڈ تحویل میں لے لیا۔ سامعہ کے والدین اور دوست سے دوبارہ بیانات لئے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق ایک ہفتہ ہونے کو آیا۔ برطانوی خاتون سامعہ کے قتل کیس کی گتھیاںسلجھنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ قتل ہے یا خودکشی ؟ ابھی تک کچھ واضح نہیں ہو سکا۔ مقامی تھانے کی طرف سے کیس میںکوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی۔ روز بروز کیس نیا رخ اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اب ڈی آئی جی ابو بکر خدابخش کی سربراہی میں تین رکنی تفتیشی ٹیم نے جہلم پہنچ کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفتیشی ٹیم میں دو ایس پی بھی شامل ہیں۔ ٹیم نے کیس کا تمام ریکارڈ قبضے میں لے لیا اور سامعہ کے پاکستان میں ٹیلیفون کی تمام تفصیلات بھی حاصل کرلی ہیں۔ ٹیم میڈیکولیگل اور پوسٹ مارٹم رپورٹس کے شواہد کی تصدیق کریگی۔ ٹیم میں شامل ایس پی بشیر چیمہ سامعہ کے والدین اور دوست عنبرین کا دوبارہ بیان قلمبندکرینگے۔ سابقہ تفتیشی افسر اور ایس ایچ او کے بیانات بھی قلمبند کئے جائینگے۔ نئی تحقیقاتی ٹیم نے ڈی ایس پی شاہد صدیق کے کردار کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کر لی ہے۔