Friday, April 26, 2024

سامراجی نظام کا خاتمہ ہی عمران خان کی حکومت کی فتح ہے ، فردوس عاشق اعوان

سامراجی نظام کا خاتمہ ہی عمران خان کی حکومت کی فتح ہے ، فردوس عاشق اعوان
August 10, 2019
سیالکوٹ( 92 نیوز) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سامراجی نظام کو ختم کرنا ہی عمران خان کی حکومت کی فتح ہے، سامراجی نظام کے بیانیے کو بھی شکست دیں گے۔ سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ  پانچ سال میں نظام میں موجود کرپٹ عناصر کوبھی شکست دیں گے،وزیراعظم عمران خان پاکستان میں تبدیلی لائیں گے،مودی نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق جو  اقدامات کئے وہ نہرو اور گاندھی کے ساتھ غداری ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 15اگست کو ہم یوم سیاہ کے طور پر منائیں گے، کشمیر پر حملہ ہم پر حملہ ہے، کشمیر سے رسنے والا خون ہمارے جسم سے رس رہا ہے، وقت آگیا ہے عمران خان کی قیادت میں ہم آگے بڑھیں،  ہم نے جنگ کرنی ہے نہ ہی جنگ چاہتے ہیں۔ https://www.youtube.com/watch?v=696CcXzPExQ وزیر اعظم کی معاون خصوصی  برائے اطلاعات نے کہا کہ ہم نے مودی کا اصل چہرہ سامنے لانا ہے، چاہتی ہوں سیالکوٹ کشمیری امنگوں کا مظہر بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواہشات پر چل چل کر یہ پاکستان اس نہج پر پہنچ گیا، جب لیڈر چور، کرپٹ اور ڈاکو بنے تو قوم بھی ڈاکو اور چور پیدا کرتی ہے،پاکستان ایک دیانتدار شخص کے پاس امانت ہے،  عمران خان کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ عدالت عظمیٰ نے دیا،عمران خان نے سرکاری گھر لیا نہ کیمپ آفس بنائے اور خرچے کئے،عمران خان نے اپنی ذات سے قربانیوں کا آغاز کیا۔