Saturday, April 20, 2024

سام سنگ نے محفوظ بیٹری والے گلیکسی نوٹ سیون فونز کی فروخت کا آغاز کر دیا

سام سنگ نے محفوظ بیٹری والے گلیکسی نوٹ سیون فونز کی فروخت کا آغاز کر دیا
September 21, 2016
سیول (ویب ڈیسک) سام سنگ نے گلیکسی نوٹ سیون کی امریکہ میں فروخت کا ایک بار پھر آغاز کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی کمپنی ویریزون کمیونی کیشنز نے سام سنگ گلیکسی نوٹ سیون فونز کی فروخت کے آرڈرز پکڑنا شروع کر دیے ہیں۔ خیال رہے کہ چند ہفتے قبل دنیا بھر میں گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت بند کر دی گئی تھی۔ اس کی وجہ دنیابھر سے مذکورہ فون سیٹ کی بیٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھنے کی شکایات بتائی گئی تھی۔ سام سنگ کو گلیکسی نوٹ سیون کی بیٹری میں آگ لگنے کی 100 سے زائد شکایات موصول ہوئی تھیں۔ ان اطلاعات کے بعد سام سنگ نے امریکہ بھر سے تقریباً دس لاکھ نوٹ سیون سمارٹ فون واپس منگوا لیے تھے جبکہ دنیا کے دیگر ممالک سے پچیس لاکھ کے قریب فون سیٹ واپس طلب کیے تھے۔ سام سنگ نے دنیا بھر میں اپنے صارفین سے اپیل کی تھی کہ وہ اپنے گلیکسی نوٹ سیون کو تبدیل کروا سکتے ہیں۔ سام سنگ کا یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب اس کے روایتی حریف ایپل نے نئے آئی فون مارکیٹ میں متعارف کرائے تھے۔ مگر اب سام سنگ نے محفوظ بیٹری والے گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے۔ نئے گلیکسی نوٹ سیون امریکی کنزیومر پروڈکٹ سیفٹی کمیشن فار آل پرچیزز اینڈ ایکس چینجز سے منظور شدہ ہیں۔ تصدیق نامہ ملتے ہی ویریزون نے امریکہ میں گلیکسی نوٹ سیون کی فروخت کا آغاز کر دیا ہے۔ سام سنگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گلیکسی نوٹ سیون کے صارفین اپنے موبائل فون نئے سیٹ سے تبدیل کرا سکتے ہیں۔ جنوبی کورین کمپنی نے نوٹ سیون ایس کے پانچ لاکھ سیٹ بھی مارکیٹ میں بھیج دیے ہیں۔