Friday, April 26, 2024

سال سولہ سترہ میں پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے آپریٹ ہونے کا انکشاف

سال سولہ سترہ میں پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے آپریٹ ہونے کا انکشاف
September 20, 2019
 کراچی (92 نیوز) سال سولہ سترہ کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے آپریٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ قومی ایئرلائن کو 18 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ قومی ایئرلائن کی دریا دلی کا ثبوت آڈٹ رپورٹ میں سامنے آ گیا۔ دستاویزات کے مطابق 2016-17 کے دوران اسلام آباد ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی 46 پروازیں بغیر کسی مسافر کے روانہ ہوئیں۔ جہازوں کے خالی اڑان بھرنے سے قومی خزانے کو 18 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔ کمرشل فلائٹس کے علاوہ حج اور عمرہ کی  36 پروازوں نے بھی بغیر کسی مسافر کے اڑان بھری۔ 2016-17 میں لاہور اسلام آباد آفس میں 113 ملازمین کی جعلی بھرتی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 113 ملازمین کو 10 سال تک 50 ہزار روپے ماہانہ ادا کیے گئے جس کے باعث خزانے کو 67 کروڑ کا نقصان پہنچا۔ متعدد بار یاد دہانی کے باوجود ملازمین کو نکالا گیا نہ ہی ڈیپارٹمنٹل ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا۔ آڈیٹر جنرل نے ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے اور ادا کی گئی رقم کی وصولی کی سفارش کردی جبکہ بغیر مسافر پرواز بھرنے پر بھی متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی سفارش کی۔