Sunday, May 5, 2024

سال 2018فخرزمان اور یاسرشاہ کیلئے یادگار رہا

سال 2018فخرزمان اور یاسرشاہ کیلئے یادگار رہا
December 23, 2018
لاہور ( 92 نیوز) سال 2018میں قومی بلے باز  فخر زمان اور یاسر شاہ کی کارکردگی شاندار رہی، فخر زمان ون ڈے میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے اور ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔ یاسر شاہ نے ٹیسٹ میں تیز ترین دو سو وکٹیں لینے کا 82 سالہ ریکارڈ پاش  پاش کر کے تاریخی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ جارح مزاج اوپنر فخر زمان  نےریکارڈ بک پر کئی ریکارڈ درج کروائے،قومی بلے باز نے بڑے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک روزہ میچز میں تیز ترین ایک ہزار رنز بنا نے کا اعزاز اپنے نام کیا، لیفٹ ہینڈر نے 18اننگزمیں ایک ہزرا رنز بنا کر ریکارڈ پر قبضہ جمایا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ بلے باز سر ویوین رچرڈ ،انگلینڈ کے کیون پیٹرسن اور  جوناتھن ٹراؤٹ،جنوبی افریقہ کےکوئنٹن ڈی کوک اور پاکستان کے ہی بابراعظم نے 21اننگزمیں ایک ہزار رنز اسکور کیے تھے ۔ فخر زمان کا سال 2018کا سب سے بڑا کارنامہ زمبابوے کیخلاف ڈبل سنچری اسکور کرنا تھا، اسٹار بلے باز ون ڈے میں پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری بنانے والے  پہلےکھلاڑی بنے، فخر زمان نے 2018میں پاکستان کی طرف  سے سب سےزیادہ 875رنز اسکور کیے۔ باؤلنگ میں  اسپن کے بادشاہ یاسر شاہ کا جادو سر چڑھ کر بولا اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 82سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا، یاسر شاہ نے  ٹیسٹ میں تیز ترین دو سو وکٹیں لینے کا اعزاز اپنے نام کیا۔اسٹار اسپنر نے 33ٹیسٹ میچز میں یہ  سنگ میل عبور کیا۔ یاسر شاہ ٹیسٹ میں ایک دن میں دس وکٹیں لینے والے  پہلے پاکستانی باؤلر  بنے اور ایک میچ میں 14 وکٹیں لے کر سابق قومی کپتان  عمران خان کا رکارڈ برابر کیا۔