Friday, March 29, 2024

سال 2018 میں چاروں خانز شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے

سال 2018 میں چاروں خانز شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہے
December 22, 2018
ممبئی ( ویب ڈیسک ) سال 2018 بالی ووڈ کے چاروں خانز کے چاروں شانے چت کر گیا ۔ رواں سال  بالی ووڈ کے چاروں خانز  کنگ خان شاہ رخ خان، مسٹر پرفیکٹ عامر خان ، دبنگ خان سلمان خان اور چھوٹے نواب سیف علی خان کی  فلمیں شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی ۔ شاہ رخ کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم زیرو پروڈیوسرز کی امیدوں کے مطابق بزنس نہ کر سکی ۔ فلم میکرز کو امیدیں تھیں کہ  فلم کی ریلیز سے جھولی بھر بھر کر پیسے کمائے جائیں گے مگر پہلے ہی روز انہیں بری طرح ناکامی کا سامنا کرناپڑا۔ خانز پر چھائی ناکامی کے سائے نے سلمان خان کو بھی نہ بخشا اور دبنگ خان ماضی کی کامیاب فلموں ریس اور ریس ٹو کے سیکویل ریس تھری میں جلوہ گر ہوئے   مگر پروڈیوسرز کو کچھ نہ ملا ۔ فلم صرف اتنا ہی بزنس کر سکی کہ پروڈیوسرز اپنے پیسے بچانے میں کامیاب ہو گئے۔شائد یہ ماضی کی فلموں کے  نام پر کمائے گئے پیسے تھے ۔  خود سلمان کی پروڈکشن میں بننے والی فلم لو یاتری بھی بری طرح فلاپ لوئی ۔ عامر خان کی فلم ٹھگز آف ہندوستان ہندوستان میں بری طرح ناکام ہوئی ، فلم بینوں کی جانب سے خاص ریسپانس نہ دینے پر فلم کی بیرون ملک نمائش کا ارادہ کیا گیا۔ اکتوبر 2018 میں چھوٹے نواب سیف علی خان  کی فلم بازار ریلیز ہوئی مگر فلم بری طرح فلاپ ہو گئی یہاں تک کہ فلم میکر اپنا لگایا گیا سرمایہ بھی وصول نہ کر سکے  فلم کا نہ تو کوئی گانا مشہور  ہوا اور نہ ہی شائقین کو تین ماہ قبل ریلیز ہونے والی فلم کا اسکرپٹ یاد ہے ۔اسی طرح چھوٹے  نواب کی قلاقندی مووی بھی سرمایہ کاروں کا پیسہ لے ڈوبی ۔