Friday, April 19, 2024

سال 2018 دنیا سے رخصت ، دنیا بھر میں عوام نے 2019 کو خوش آمدید کہا

سال 2018 دنیا سے رخصت ، دنیا بھر میں عوام نے 2019 کو خوش آمدید کہا
January 1, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، شمالی کوریا ،تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ سمیت دنیا بھر میں 2019 کا آغاز ہوگیا، آک لینڈ کے سکائی ٹاور جبکہ سڈنی کے باربر برج اور اوپرا ہاؤس پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا،بنکاک کے دریا چاوبھرایا کے قریب  شاندار آتش بازی سے آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ سب سے پہلے نئے سال کے آغاز کی خوشی نیوزی لینڈ  کے شہر آک لینڈ میں منائی گئی، جونہی گھڑی پر 12 بجے بلند و بالا سکائی ٹاورز پر شاندار آتش بازی کا آغاز کردیا گیا جس سے آسمان رنگ و نور میں نہا گیا ۔ اس کے بعد آسڑیلیا نے نئے سال کو خوش آمدید کہا،سڈنی شہرمیں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا جس سے آسماں رنگ و نور میں نہاگیا ۔ نئے سال کو خوش آمدید کہنے کیلئے 10 لاکھ افراد سڑکوں پر موجود تھے  جبکہ آتش بازی میں 8 اعشاریہ 5 ٹن بارودی مواد استعمال ہوا ہے ۔ شمالی کوریا میں بھی  سال 2019 کا آغاز ہوگیا جہاں  پیانگ یانگ شہرمیں آتشبازی کا شاندار مظاہرہ ہوا ، آسماں میں بکھرے رنگ و نور نے دلکش سماں باندھ دیا  ،اس کے بعد اسٹیج شو اور دیگر تقریبات کا بھی اہتمام کیا گیا۔ ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ بھی نئے سال کا آغاز کرنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہے ۔ ہانگ کانگ کے ساحل سمندر پر واقع وکٹوریہ ہاربر رنگ برنگی روشنیوں سے منور ہوا جب کہ  بنکاک کے دریا چاوبھرایا کے قریب ہی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ ہوا جسے دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں سیاح اور مقامی افراد امڈ آئے اور خوب محظوظ بھی ہوتے رہے۔