Tuesday, May 7, 2024

سال 2015ءمیں دنیا کے امیر ترین کھلاڑی

سال 2015ءمیں دنیا کے امیر ترین کھلاڑی
December 31, 2015
لندن (ویب ڈیسک) دو ہزار پندرہ میں سب سے زیادہ دولت سمیٹنے والے کھلاڑیوں میں باکسر فلائیڈ مے ویدر سرفہرست رہے۔ فٹ بالرز میں کرسٹیانو رونالڈو اور ٹینس اسٹارز میں راجر فیڈرر سب سے زیادہ مالدار کھلاڑی کے طور پر سامنے آئے۔ ٹاپ ٹوینٹی امیر ترین کھلاڑیوں میں کوئی کرکٹر جگہ نہ بنا سکا۔ مشہور زمانہ فوربیز میگزین کے مطابق دو ہزار پندرہ میں امریکی باکسر فلائیڈ مے ویدر نے فائٹ آف دی سنچری میں فلپائن کے مینی پیکیاو¿ کو شکست دے کر دنیا کے سب سے امیر ترین کھلاڑیوں کو مات دے دی۔ مے ویدر کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والے پیکیاو بھی گھاٹے میں نہیں رہے اور دوسرے دولت مند ترین کھلاڑی بن گئے۔ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو فہرست میں تیسری جگہ بنانے میں کامیاب رہے جبکہ ان کے حریف لیونل میسی نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ پانچویں پوزیشن پر سب سے زیادہ ٹینس گرینڈ سلام جیتنے والے راجر فیڈرر براجمان ہوئے۔ گالفر ٹائیگر ووڈز فہرست میں نویں پوزیشن پر چلے گئے جبکہ ٹینس کے عالمی نمبر ون نوواک جکووچ تیرہویں پوزیشن پر آ گئے۔ حیرانی کی بات یہ ہے کہ دنیا میں دوسرے سب سے زیادہ دیکھے جانے والے کھیل کرکٹ کا کوئی کھلاڑی پہلی بیس پوزیشنز میں جگہ نہ بنا سکا۔ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی امیر ترین کھلاڑیوں کی فہرست میں تئیسویں پوزیشن حاصل کر سکے۔ روسی ٹینس سٹار ماریا شراپوا کی فہرست میں چھبیسویں پوزیشن حاصل کر کے خواتین میں سب سے زیادہ دولت مند رہیں۔