Saturday, April 20, 2024

سال 2015ء: پنجاب میں 359 پولیس مقابلے‘ 423 افراد ہلاک ہوئے

سال 2015ء: پنجاب میں 359 پولیس مقابلے‘ 423 افراد ہلاک ہوئے
December 28, 2015
لاہور (92نیوز) دو ہزار پندرہ کے دوران پنجاب میں تین سو انسٹھ پولیس مقابلوں کے دوران چار سو تئیس دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کو ہلاک کر دیا گیا۔ اس برس صوبے میں روزانہ اوسطاً ایک پولیس مقابلہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق سال 2015ءکے دوران پنجاب پولیس کا 359 مرتبہ دہشت گردوں اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث مجرموں سے سامنا ہوا۔ ان مقابلوں میں نہ صرف 423 دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا دیا گیا بلکہ 43 دہشت گردوں اور دیگر خطرناک مجرموں کو زخمی کرنے کے بعد قابو کر لیا گیا۔ پاکستانی معاشرے میں مقابلوں کے اس خطرناک کھیل کے دوران 231 دہشت گردوں، اغوا کاروں اور ڈاکووں کو صحیح سلامت گرفتار کر کے عدالت کے کٹہرے تک پہنچایا گیا۔ سال 2015ءمیں پولیس اور سماج دشمن عناصر کے ساتھ دست بدست مقابلوں میں 8 پولیس اہلکار شہید ہوئے جبکہ 88 اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے۔ سال 2014ءکی نسبت سال 2015ءمیں لگ بھگ 100 پولیس مقابلے زیادہ ہوئے اور ان مقابلوں میں سالہا سال سے دہشت کی علامت بنے ہوئے ملک اسحاق، غلام رسول اور ہارون بھٹی جیسے کردار بھی موت کے گھاٹ اترے۔ مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں نے پولیس کی مکمل معاونت کی۔ مختلف مواقع پر خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے موبائل فون اور آن لائن ٹریکنگ کی سہولیات بھی پولیس کو فراہم کی جاتی رہیں۔