Friday, April 26, 2024

سارک اور خطے کی ترقی میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے ، پاکستانی وزیر خارجہ

سارک اور خطے کی ترقی میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے ، پاکستانی وزیر خارجہ
September 28, 2018
نیو یارک (92 نیوز) پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ سارک اور خطے کی ترقی، روابط وخوشحالی میں بھارتی رویہ رکاوٹ ہے۔ فورم سے کچھ حاصل کرنا ہے تو آگے بڑھنا ہو گا۔ بھارتی حکومت خطے میں امن و خوشحالی کے دعوے تو بہت کرتی ہے لیکن  اس کا رویہ کتنا غیر سنجیدہ ہے ، اس کا اندازہ نیویارک میں سارک وزرائے خارجہ کانفرنس سے لگایا جاسکتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائن پر منعقدہ اس اجلاس میں بھارتی  وزیر خارجہ سشما سوراج کا رویہ غیر سفارتی تھا۔ نیو یارک میں بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج  سارک وزائے خارجہ اجلاس کے دوران اٹھ کر چلی گئیں ۔ شاہ محمود قریشی سے کوئی رسمی ملاقات کی اور نہ ہی مصافحہ کیا۔ اجلاس میں بھی صرف آدھا گھنٹہ بیٹھیں ،خطاب میں علاقائی تعاون کی بات کی اور وہاں سے چلتی بنیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی ہم منصب کے رویے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک ملک کا رویہ سارک کی روح کو ناکام کر رہا ہے۔ اس سے قبل جب سشما سوراج اجلاس میں شرکت کیلئے پہنچیں تو بھارتی میڈیا نے سوالات کی بوچھاڑ کر دی ۔ صحافی کے پاک بھارت مذاکرات سے متعلق سوال پر بھارتی وزیر خارجہ نے قہقہ لگایا اور چلی گئیں۔ خود بھارتی میڈیا بھی اجلاس سے اٹھ کر چلے جانے اور صحافیوں سے بات نہ کرنے پر اپنی وزیر خارجہ پر سیخ پا نظر آیا۔ مودی سرکا نے چند روز قبل بھی پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی حامی  بھری تھی اور بعد میں پیچھے ہٹ گیا تھا۔