Thursday, May 9, 2024

سارو گنگولی نے پاک بھارت سیریز کا امکان رد کر دیا

سارو گنگولی نے پاک بھارت سیریز کا امکان رد کر دیا
October 17, 2019
نئی دہلی ( 92 نیوز)  بھارتی کرکٹ بورڈ کے نئے بننے والے صدر سارو گنگولی نے پاک بھارت سیریز کے امکان کو رد کر دیا ، گنگولی نے کہا دونوں ممالک کے مابین  سیریز کا فیصلہ وزرائے اعظم کو کرنا ہے ۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ سیریز  کے امکانات معدوم ہوتے نظر آرہے ہیں ، بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر اور سابق کرکٹر سارو گنگولی نے کہا کہ  دونوں ممالک کے مابین کرکٹ سیریز کھیلی جائے گی یا نہیں اس کا فیصلہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم ہی کر سکتے ہیں ۔ گنگولی 2004 میں پاکستان کے تاریخی دورے پر ہندوستان کی قیادت کرچکے ہیں جو 1999کی  کارگل   جنگ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان پہلی باہمی سیریز تھی  ، بھارت  کی کرکٹ ٹیم نے 1989 میں پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ آخری بار دونوں ٹیموں کے درمیان  ون ڈے اور ٹی 20کی باہمی سیریز 2012 میں کھیلی گئی تھی۔ رواں سال فروری میں بی سی سی آئی نے آئی سی سی کو خط لکھا  تھا کہ دہشتگردی میں ملوث ممالک سے تعلقات منقطع کئے جائیں ، پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے بھارتی فوجیوں کا الزام  پاکستان پر لگاتے ہوئے بھارت نے ورلڈ کپ میں پاکستان سے میچ کھیلنے سے انکار کی دھمکی بھی دی تھی۔