Friday, April 19, 2024

ساحلی پٹی سمیت کراچی شہر زیرآب آنے کے خطرات، سپارکو کی وارننگ

ساحلی پٹی سمیت کراچی شہر زیرآب آنے کے خطرات، سپارکو کی وارننگ
May 4, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سمندر کی سطح بڑھنے اور ڈیلٹا زمین میں دھنسنے سے ساحلی پٹی سمیت کراچی شہر زیرآب آنے کے خطرات بڑھ گئے۔ سمندروں پر تحقیق کرنے والے اداروں اور سپارکو نے خبردار کر دیا۔ سپارکو نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سمندروں اور دریائوں پر بھی رونما ہونے لگے۔ زمین کا درجہ حرارت بڑھنے سے سمندروں کی سطع میں خطرناک حد تک اضافہ ہونے لگا۔ بحیرہ عرب کو تازہ پانی نہ ملنے کی وجہ سے سمندر سندھ ڈیلٹا کو کھا رہا ہے۔ ساحلی پٹی سمیت کراچی زیرآب آنے کا خدشہ ہے۔ کراچی اور ساحلی پٹی کو بچانے کے لیے عالمی بینک کے تعاون سے ایک سٹڈی ہو چکی ہے۔ بین الاقوامی پینل آف ایکسپرٹس کی رپورٹ کے مطابق سمندر میں یومیہ 8 ہزار کیوسک تازہ پانی داخل ہونا لازمی ہے لیکن 10برس گزرنے کے باوجود کسی بھی حکومت نے توجہ نہیں دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مسئلہ بہت گھمبیر ہے حکومت سنجیدگی سے ضروری اقدامات کرے اور ساحل پر جہاں ضروری ہے بند تعمیر کیے جائیں ورنہ موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔