Sunday, May 12, 2024

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم انگلینڈکیخلاف فالو آن کا شکار

ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم  انگلینڈکیخلاف فالو آن کا شکار
August 24, 2020

ساؤتھمپٹن ( 92 نیوز) ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم  انگلینڈکیخلاف فالو آن کا شکار ہوگئی ،583رنز کے جواب میں پوری ٹیم 273رنز پر ڈھیر ہوگئی ،جیمز اینڈرسن کی پانچ وکٹیں ،اظہر علی کی 141رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز بھی پاکستان کو فالو آن سے نہ بچاسکی۔

کپتان اظہر علی کی بھرپور مزاحمت بھی پاکستان کو فالو آن سے نہ بچاسکی ،انگلینڈکیخلاف ساؤتھمپٹن ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں قومی ٹیم 273رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔

پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسد شفیق صرف پانچ رنز بناکر چلتے بنے،فواد عالم نے اظہر علی کیساتھ ملکراننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ 21رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ۔

اظہر علی اورمحمد رضوان کے درمیان چھٹی وکٹ پر 138رنز کی شراکت داری ہوئی ،محمد رضوان کی مزاحمت 53رنز پر دم توڑ گئی ،ا نہوں نے 113گیندوں کا سامنا کیا۔

اظہر علی دوسرے اینڈپر ڈٹے رہے اور انہوں نے 205گیندوں پر کیرئیر کی 17ویں سنچری اسکور کی ۔

پاکستان کو ساتواں نقصان یاسر شاہ کی شکل میں اٹھانا پڑا جو 20رنز بناسکے،شاہین شاہ آفریدی 3،محمد عباس ایک اورنسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے ،کپتان اظہر علی 141رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈکے جیمز اینڈرسن نے پانچ ،اسٹیورٹ براڈ نے دو،کرس ووکس اورڈوم بیس نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،انگلش کپتان نے پاکستان کو فالو آن کراتے ہوئے دوبارہ کھیلنے کی دعوت دی تاہم امپائرز نے کم روشنی کی وجہ سے کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا  ۔