Friday, May 10, 2024

ساؤتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے فاتح کا  گھر پہنچنے پر والہانہ استقبال

ساؤتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے فاتح کا  گھر پہنچنے پر والہانہ استقبال
October 14, 2019
حافظ آباد ( 92 نیوز) ساؤتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دی تھی ، گولڈ میڈل حاصل اور وطن کا نام روشن کرنے والے  حافظ آباد کے رہائشی کھلاڑی کا گھر پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا ۔ مالدیپ میں ہونے والی ساؤتھ ایشین بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں سبز ہلالی پرچم بلند کرنے والے راجہ ذوالقرنین حیدر  کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر  رقص کیا گیا۔ پاکستانی کھلاڑی نے ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو شکست دیکر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا،  راجہ ذوالقرنین حیدر کا کہنا ہے مجھے خوشی ہے کہ ہم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دی،میں اپنی اس جیت کو پاکستان اور کشمیریوں کے نام کرتا ہوں ۔ راجہ ذوالقرنین کی والدہ اور بھائی بھی اسکی جیت پر خوشی سے سرشار ہیں  ، راجہ ذوالقرنین حید ر کے دونوں بھائی بھی قومی سطح کے کھلاڑی ہیں ،تینوں بھائیوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح کے کئی ایونٹس جیتے۔ بیڈمنٹن  کھیل کے فروغ کیلئے ضرورت اس امر کی ہے کہ مقامی سطح پر کھلاڑیوں کی کوچنگ کے لئے اکیڈمیاں قائم کی جائیں تاکہ کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل لیول کی تربیت دی جا سکے۔