Wednesday, April 24, 2024

سابقہ ادوار میں آٹے سمیت کئی معاملوں پر سمجھوتے کیے جاتے رہے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس

سابقہ ادوار میں آٹے سمیت کئی معاملوں پر سمجھوتے کیے جاتے رہے ، وفاقی وزرا کی پریس کانفرنس
July 2, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی وزرا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا سابقہ ادوار میں چینی اور آٹے سمیت کئی معاملوں پر سمجھوتے کیے جاتے رہے۔ سلیمان شہباز کی ایما پر چینی پر 20 ارب کی سبسڈی دے دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے دنیا میں مقام رکھنے والی پی آئی اے کو برباد کیا گیا۔ گزشتہ دس سے پندرہ سال میں یہ قومی ادارہ زوال پذیر ہوا، ہم اس کے معیار کو بحال کرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو پائلٹس اس وقت جہاز اڑا رہے ہیں، وہ سکروٹنی پراسس سے گزر چکے ہیں۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی بولے کہ پی آئی اے میں جو ڈرامے کئے اس کا پوری قوم کو پتا ہے۔ وعدہ ہے چند ماہ میں سول ایوی ایشن اتھارٹی دنیا کی ٹاپ اتھارٹی بن جائے گی۔ گندے انڈے نکالیں گے۔ خلاف ضابطہ بھرتیوں میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہو گا۔ معاون خصوصی برائے احتساب بیرسٹر شہزاد اکبرکا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سول ایوی ایشن حکام کو تحقیقات کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کی حفاظت کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 28 پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کر دی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ اداروں میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔