Friday, April 19, 2024

سابق گورنر اور وزیر اعلی سندھ ممتاز علی بھٹو کراچی میں انتقال کر گئے

سابق گورنر اور وزیر اعلی سندھ ممتاز علی بھٹو کراچی میں انتقال کر گئے
July 18, 2021

کراچی (92 نیوز) سابق گورنر اور وزیر اعلی سندھ ممتاز علی بھٹو کراچی میں 94 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

پاکستان کے مدبر سیاستدانوں میں سے ایک سابق گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ ممتاز بھٹو بھی اس  دنیا  سے رخصت ہو گئے۔ وہ طویل عرصے سے علیل اور کراچی میں اپنی رہائش گاہ میں ہی مقیم تھے۔

ممتاز  بھٹو  کی  پارٹی سندھ نیشنل فرنٹ  پارٹی کے ترجمان نے سوشل میڈیا  پر ممتاز بھٹو کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی نماز جنازہ اور تدفین آبائی لاڑکانہ کے قریب میر پور بھٹو میں  کی  جائے گی۔

ممتاز بھٹو سابق وزیراعظم ذوالفقارعلی بھٹو کے کزن اور ان کی کابینہ کے رکن تھے جبکہ یکم مئی 1972 سے 20 دسمبر 1972 تک صوبہ سندھ کے تیرہویں وزیر اعلیٰ رہے۔

بینظیر بھٹو کے پہلے دورِ حکومت، 1989 میں وطن واپسی پر انہوں نے ایک نئی جماعت سندھ نیشنل فرنٹ کی بنیاد رکھی جس کے بعد 1993 کو وہ سندھ اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور 1996 کو انہیں نگران وزیراعلیٰ نامزد کیا گیا۔

محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد بھی برف نہ پگھلی اور ممتاز بھٹو مسلسل پیپلزپارٹی کے خلاف ڈٹے رہے۔ انہوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کی حریف جماعتوں کا ہی ساتھ دیا۔  ممتاز بھٹو نے کبھی ن لیگ تو کبھی ق لیگ کا ساتھ دیا۔

وزیراعظم عمران خان ، گورنر سندھ  سمیت ملک بھر سے  ممتاز سیاسی  شخصیات نے ممتاز بھٹو کی وفات پر  گہرے دکھ   کا اظہار کیا ہے۔