Thursday, May 9, 2024

سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے غلام مرتضیٰ ملک کو 5 سال قید کی سزا

سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے غلام مرتضیٰ ملک کو 5 سال قید کی سزا
September 3, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے سی ڈی اے افسران کے خلاف کرپشن کیس کا فیصلہ سنا دیا۔ سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے غلام مرتضیٰ ملک کو 5 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

سی ڈی اے افسران کی کرپشن کے خلاف احتساب عدالت کا بڑا فیصلہ آ گیا۔ مجرمان پر جناح سپر مارکیٹ میں عمارت کی غیرقانونی منزلیں بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا جرم ثابت ہو گیا۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے نیب ریفرنس پر سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل سی ڈی اے غلام مرتضی ملک کو 5 سال جبکہ شاپنگ سینٹر کی غیر قانونی منزلیں بنانے والے مالک رانا قیوم کو 7 سال قید، ایک ارب جرمانہ عائد کر دیا۔

عدالت نے سی ڈی اے افسران عمار ادریس، خلیل احمد، خادم حسین کو بھی قید کی سزا سنائی۔ ملزم عمار ادریس کو تین لاکھ ،خلیل احمد کو ایک لاکھ ، غلام مرتضی کو پانچ لاکھ  اور ملزم خادم حسین کو ایک لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔

عدالت نے صفا گولڈ مال کے آخری 4 منزلوں کو ریاستی ملکیت قرار دے دیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ڈائریکٹر سی ڈی اے چار منزلوں کے کرائے کا تعین کرے۔ مرکزی ملزم رانا عبد القیوم ان 4 منزلوں کا کرایہ جمع کرائیں جو وہ پہلے وصول کرتے رہے۔