Tuesday, April 16, 2024

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی اٹاوہ کی بلال مسجد میں ڈیم فنڈ کیلئے اپیل

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی اٹاوہ کی بلال مسجد میں ڈیم فنڈ کیلئے اپیل
March 19, 2019

 اٹاوہ (92 نیوز) سابق چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار اور سیاسی رہنماؤں کا دورہ کینیڈاہوا جہاں انہوں نے ڈیم فنڈ کیلئے چندہ جمع کرانے کی اپیل کر دی۔

 سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار، سینیٹر فیصل جاوید ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ،آئی ایم پاکستان کے چیئرمین احمد سید پر مشتمل وفد کا کینیڈین دارالحکومت اوٹاوہ کا دورہ ہوا۔ پاکستانی نژاد کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطا اللہ جان، سینیٹر فیوگن میگن اور سینیٹر جندر سدھو نے استقبال کیا۔

 اس موقع پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی شدید قلت  ہے جسے ختم کرنے  کیلئے آبی ذخائر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈیموں کی تعمیر آسان کام نہیں۔ اس کیلئے  بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے۔  اس قومی مقصد کیلئے سپریم کورٹ نے عوام سے اپیل کی تاکہ آنے والی نسلوں کو خشک سالی سے بچایا جا سکے۔

 سابق چیف جسٹس نے ڈیم فنڈ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر اوورسیز پاکستانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ اُن پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کو بچائیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی خود بھی عطیات دیں اور دوسرے لوگوں کو بھی تحریک  کا حصہ بنائیں۔

پاکستانی وفد نے بلال مسجد کا بھی دورہ کیا اور لوگوں سے ڈیم فنڈ میں چندہ جمع کرانے کی اپیل کی۔