Friday, March 29, 2024

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ کا معاملہ، تحقیقات کیلئے کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر
November 27, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کے معاملے پر تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ بار کے صدر صلاح الدین احمد اور جوڈیشل کمیشن کے ممبر سید حیدر امام رضوی نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پرالزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل کرنے کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس سے منسوب آڈیو ٹیپ سے تاثر ملتا ہے عدلیہ بیرونی قوتوں کے پریشر میں ہے ۔ عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے آڈیو جعلی ہے یا اصلی ہے تعین کرنا ضروری ہے۔ عدلیہ کو اپنے نام کے تحفظ کے لیے آزاد خودمختار کمیشن تشکیل دینا چاہیے ۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آڈیو ٹیپ نے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے۔ آڈیو کلپ نے عدلیہ کی آزادی پر اہم نوعیت کے سوالات اٹھائے ہیں۔ آئینی عدالت ہونے کے ناطے عوام کا آزاد اور غیر جانبدار عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اچھی شہرت کے حامل ریٹائرڈ جج، وکیل ، صحافی، سول سوسائٹی کے افراد پر مشتمل آزاد خود مختار کمیشن تشکیل دیا جائے۔ کمیشن سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی چھان بین کرے۔ کمیشن کو کہا جائے کہ وہ ٹی او آر بنائے اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی بھی چھان بین کرے۔

درخواست میں سیکریٹری قانون اور چاروں صوبوں کے محکمہ داخلہ سیکرٹریز کو فریق بنایا گیا ہے۔