Friday, April 19, 2024

سابق چیف جسٹس، اے این پی اور مہاجر قومی موومنٹ کی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دائر

سابق چیف جسٹس، اے این پی اور مہاجر قومی موومنٹ کی جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دائر
April 14, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چودھری، اے این پی اور مہاجر قومی موومنٹ نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن میں فریق بننے کی درخواست دے دی۔ جوڈیشل  کمیشن کے قیام کے ساتھ ہی مبینہ دھاندلی کی شکایت کرنے والوں  نے اپنی اپنی درخواست جمع کرانا شروع کر دی ہے۔ اے این پی کی طرف سے کیس میں فریق بننے کی درخواست عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان، میاں افتخارحسین اور لطیف آفریدی نے جمع کرائی۔ اس موقع پر میاں افتخار حسین کا کہنا تھا دھاندلی کے تمام شواہد بھی سپریم کورٹ میں جمع کرا دیئےجائیں گے۔ ان کے پاس پولنگ سے پہلے، دوران اور پولنگ کے بعد کی دھاندلی کے کافی ثبوت ہیں۔ اے این پی کو تو انتخابی مہم ہی نہیں چلانے دی گئی۔ ادھر مہاجر قومی موومنٹ نے بھی تحقیقات میں فریق بننے کی درخواست جمع کراتے ہوئے دھاندلی کے مبینہ ثبوت فراہم کردیئے۔ درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ الیکشن میں متحدہ قومی موومنٹ نے جعلی ووٹ ڈالے۔ اس نے کراچی میں منظم طریقے سےحالات خراب کیے اور لوگوں کو ان کے مرضی کے امیدوارمنتخب کرنے کا حق نہیں دیا گیا۔ دوسری طرف سابق چیف جسٹس پاکستان افتخار چودھری نے بھی کیس میں  فریق بننے کی درخواست کردی۔ ان کے وکیل شیخ احسن الدین کی طرف سےجمع کرائی گئی درخواست میں کہا گیا ہےکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نےافتخار چودھری پر دھاندلی میں ملوث ہونے کے جو الزامات لگائے ہیں وہ ان کا جواب دینا چاہتے ہیں اس لئے انہیں بھی پیش ہونے کی اجازت دی جائے۔۔